بیروت – مرکزاطلاعات فلسطین
قابض اسرائیلی فوج نے ہفتے کی صبح لبنان میں جنگ بندی کی ایک نئی خلاف ورزی کرتے ہوئے لبنان اور شام کی سرحد کے قریب ایک جگہ پر بمباری کی۔
لبنانی ذرائع نے بتایا کہ قابض طیاروں نے شام کے ساتھ سرحدی گذرگاہوں کے ارد گرد حملے شروع کیے ہیں۔ جس سے لبنانی پبلک سکیورٹی سینٹر کو نقصان پہنچا۔
قابض فوج نے دعویٰ کیا کہ اس کے طیاروں نے شام اور لبنان کے درمیان سرحدی گذرگاہوں کے قریب "فوجی انفراسٹرکچر” پر حملہ کیا۔ اس نے دعویٰ کیا کہ حزب اللہ شام سے لبنان میں ہتھیاروں کی منتقلی کے لیے استعمال کر رہی ہے۔
قابض طیاروں نے لبنان کے جنوب میں واقع ضلع صیدا کے البصریہ قصبے پر بھی حملہ کیا۔
لبنان کی وزارت صحت نے کہا: البصریہ پر دشمن کے حملے کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوا۔
اس کے علاوہ قابض فوج کے ٹینکوں نے جنگ بندی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جنوبی لبنان کے علاقے عطارون کے علاقوں میں توڑ پھوڑ کی۔
امریکی اور فرانسیسی سرپرستی میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ بدھ کی صبح سے نافذ ہوا، جس سے جولائی 2006 کی جنگ کے بعد سے 14 ماہ کی سب سے پرتشدد لڑائیوں کا خاتمہ ہوا۔