بیروت – مرکزاطلاعات فلسطین
قابض اسرائیلی فوج گذشتہ بدھ سے جنگ بندی کے معاہدے کے نافذ العمل ہونے کے بعد سے کئی بار لبنان میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ نے اسپیشل آپریشنز کمانڈ سے جنرل جیسپر جیفرز کی بیروت آمد کا اعلان کیا تاکہ معاہدے پر عمل درآمد اور نگرانی کے طریقہ کار پر کام کیا جا سکے۔
لبنانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے لبنانی اسلامی مزاحمت کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے کی 14 خلاف ورزیاں کیں جس سے اس کی کل خلاف ورزیوں کی تعداد 32 ہو گئی۔
خبر رساں ایجنسی کی طرف سے شائع ہونے والی مختلف خبروں کے مطابق خلاف ورزیوں کا مرکز نبطیہ گورنری ہے۔
مرجعون کے ضلع میں اسرائیلی مرکاوا ٹینک نے برج الملوک قصبے میں ایک گھر پر اس وقت بمباری کی جب اس کا مالک اس کا معائنہ کر کے واپس جا رہا تھا، لیکن وہ معجزانہ طور پر بچ گیا۔
کفر کلا قصبے میں قابض اسرائیلی فوج کے بلڈوزروں نے زرعی اراضی کو بلڈوز کر دیا اور العبارہ کے علاقے میں زیتون کے درختوں کو اکھاڑ دیا۔
خیام قصبے میں 4 اسرائیلی ٹینک مغربی پڑوس میں گھس گئے جبکہ اسرائیلی توپ خانے کا ایک گولہ وہاں گرا اور اسرائیلی فوج نے قصبے کے رہائشی کے جنازے کے دوران شہریوں پر فائرنگ بھی کی۔
ملک کے جنوب میں حولہ، العدیسہ، الطیبہ، مارکابا اور طلوعہ کے قصبوں کو بھی توپ خانے کی گولہ باری کا نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی فورسز نے مارکابہ قصبے میں پیش قدمی کرتے ہوئے مکانات اور زمینوں کو بلڈوز کیا۔
صورشہر میں اسرائیلی جاسوس طیارے اور ڈرون دیہاتوں پر پرواز کرتے رہے۔
بدھ اور جمعرات کو اسرائیلی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی 18 خلاف ورزیاں کیں۔
لبنانی فوج نے اس بات کی تصدیق کی کہ اسرائیل نے کئی بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس کی کمانڈ متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر خلاف ورزیوں کی پیروی کر رہی ہے۔