غزہ – مرکز اطلاعات فلسطین
غزہ کے شمال مغرب میں واقع الشیخ رضوان محلے میں ایک پانچ منزلہ مکان پر قابض اسرائیلی فوج کی بمباری کے نتیجے میں 15 شہری شہید اور 14 زخمی ہو گئے۔ شہید ہونے والوں میں زیادہ ترکم سن بچے ہیں۔
شیخ رضوان کے علاقے ابو اسکندر میں ایک رہائشی مکان پر قابض فوج کی بمباری کے نتیجے میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہوئے۔
مقامی میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ قابض فوج کے طیاروں نے "العروقی” خاندان کے گھر پر براہ راست بمباری کی، جس سے مکان مکمل طور پر تباہ ہو گیا، جب کہ سول ڈیفنس کا عملہ ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق 15 سے زائد افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں اور ضروری سامان کی کمی اور جگہ جگہ وسیع تباہی کی وجہ سے ریسکیو ٹیم کو ان تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ایک اور اسرائیلی فضائی حملے میں قابض فوج کے طیارے نے خان یونس کے علاقے بیئر 19 میں بے گھر افراد کے خیمہ کو کو نشانہ بنایا۔ جس کے نتیجے میں 7 افراد شہید ہوئے۔
قابل ذکر ہے کہ ڈرون اور فوجی طیارے شام کے اوقات سے ہی خان یونس کی تمام فضائی حدود میں کم فاصلے پر پرواز کر رہے ہیں، جب کہ رفح شہر میں بے گھر افراد کے خیموں کی طرف فوجی گاڑیوں سے فائرنگ کی گئی۔