غزہ ۔ مرکز اطلاعات فلسطین
اس وقت جب صہیونی پروپیگنڈہ مشینری غزہ میں نئے محور کے افتتاح اور امداد کی ترسیل کے ساتھ نام نہاد "انسانی بنیادوں پر زون” کی توسیع کو فروغ دینے کے لیے بھرپور کام کررہی ہے، زمینی حقائق کچھ اور ہی بتاتے ہیں۔
غزہ کی صورت حال پر نظر رکھنے والا کوئی بھی شخص واضح طور پر دیکھ سکتا ہے کہ جب اسرائیلی قابض فوج نئی کراسنگ کھولنے کا دعویٰ کرتی ہے، تو اس کے ساتھ ہی وہ پہلے سے کام کرنے والی جگہوں کو بند کر دیتی ہے جو سامان اور امداد کے بہاؤ کے لیے اچھی طرح سے لیس ہیں۔
اسرائیل کی جانب سے اگر کچھ امدادی ٹرکوں کو داخلے کی اجازت دی جاتی ہے، تو وہ اکثر چوروں کے گروہوں کی طرف سے لوٹ لیے جاتے ہیں- عام طور پر قابض فوج کے ساتھی ہی امداد چوری کرتے ہیں اور پھر اسے منڈیوں میں مہنگے داموں بیچ دیتے ہیں۔
مزید برآں، جسے قابض فوج”انسانی بنیادوں پر زون” سے تعبیر کرتا ہے وہ موت کے جال کے سوا کچھ نہیں، جہاں کسی بھی وقت اسرائیلی طیارے بے گھر ہونے والوں کے خیموں پر بمباری کر کے انہیں جہنم میں تبدیل کر دیتے ہیں، جس میں بچوں، عورتوں اور بوڑھوں کو بےرحمی سے قتل کیا جاتا ہے۔ جو نقل مکانی، پیاس اور بھوک کا ایک طویل سفر طے کر کے یہاں تک آئے ہوتے ہیں۔
یہ غزہ کی سنگین حقیقت کے بارے میں کوئی مبالغہ آرائی نہیں ہے جو ایک سال سے جاری مجرمانہ جنگ کے شعلوں میں جل رہا ہے۔ یہ سچائی عالمی انسانی تنظیموں، اقوام متحدہ اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے سامنے ہے۔ غاصبانہ بیانیہ کی طرف تعصب کے باوجود وہ صیہونی حکومت کے مسلسل جرائم پر پردہ نہیں ڈال سکتے۔
خالی منڈیاں اور آسمان چھوتی ہوئی قیمتیں
دیر البلح کے بازار کا ایک سادہ سا دورہ، جہاں ہزاروں بے گھر افراد نے پناہ لی ہے، خریداروں کے چہروں پر چھائی ہوئی مایوسی اور بے بسی کو ظاہر کرتا ہے۔ وہ ضروری اشیاء کی کمی اور جو کچھ بھی بچا ہے اس کی آسمان کو چھوتی قیمتوں کے درمیان پھنسے ہوئے ہیں۔
"ابو ہادی” اور ان کے چھ بچوں کو جنگ کے آغاز میں ساحلی پناہ گزین کیمپ سے دیر البلح میں زبردستی نقل مکانی پہ مجبور کیا گیا تھا۔ وہ کافی دیر تک بازار میں گھومتے رہے، لیکن انہیں اس خیمے میں واپس لانے کے لیے کچھ نہیں ملا جہاں ان کا خاندان بھوک مٹانے کے لیے کھانے کی امید میں ان کا انتظار کر رہا تھا۔
اداسی بھری آواز کے ساتھ وہ کہتے ہیں کہ ’’یہ بازار نہیں ہے یہ ایک آفت ہے ۔‘‘ ہم اس طرح زندہ نہیں رہ سکتے، اشیاء کی قیمتیں سوچ سے باہر ہیں۔ بہت سی سبزیاں اور گوشت کافی عرصے سے مارکیٹ سے بالکل غائب ہے اور یہاں تک کہ دستیاب ڈبہ بند اشیاء بھی مہنگی ہو گئی ہیں۔”
ابو ہادی کا خیال ہے کہ شمال سے جنوب تک تمام غزہ اب ایک حقیقی قحط کا سامنا کر رہا ہے۔ یہاں تک کہ سادہ ترین کھانے کی تیاری کے لیے بنیادی اجزاء اب دسترس میں نہیں ہیں، اور انہیں حاصل کرنا مشکل ہے اور اس کے لیے پیسے کی ضرورت ہوتی ہے جو لوگوں کے پاس نہیں ہے۔
دیر البلح کی ستر سالہ ام صلاح کہتی ہیں کہ میں نے اپنی طویل زندگی میں ان سے زیادہ برے دن نہیں دیکھے۔ ہم ایک سادہ سلاد کا پیالہ بنانے سے قاصر ہیں۔ ہم مہینوں سے اس کے لیے ترس رہے ہیں، ہم ایک ایسی جنگ میں ہیں جو ہم نے پہلے کبھی نہیں دیکھی تھی۔
اپنی آواز میں اداسی کے ساتھ، انہوں نے مزید کہا، "وہ ہمیں بموں اور گولیوں سے مار کر مطمئن نہیں ہوئے، اور اب وہ ہمیں بھوک سے مارنا چاہتے ہیں۔” انہوں نے عرب اور مسلم دنیا سے اپیل کی کہ وہ جاگیں اور غزہ کے مظلوم عوام کی طرف دیکھیں۔ "خدا ہر اس شخص پر لعنت کرے جو پیٹ بھر کر سوتا ہے اور اس کا پڑوسی بھوکا ہوتا ہے۔”
سرکاری ملازم علاء نے بتایا کہ غزہ میں ایک عام خاندان کے کھانے کی قیمت کم از کم 100 شیکل (30 ڈالر) ہے، جب کہ ایک ملازم کی اوسط تنخواہ 800 شیکل (ڈالر240) سے زیادہ نہیں ہے۔ "یہ صرف ایک دن کے کھانے کے لیے ہے، دوسرے اخراجات کے حساب کے بغیر،” انہوں نے کہا۔
انہوں نے کہا کہ”ہم ایک حقیقی قحط کی حالت میں ہیں، شمالی اور جنوبی غزہ میں کوئی فرق نہیں ہے۔ یہ وہم پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ شمالی غزہ جنوب سے مختلف ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ تمام غزہ والے بھوک کے ہتھیار سے لڑ رہے ہیں۔” شمال میں، ہاں، یہ زیادہ شدید ہے، لیکن جنوب میں بھی بہت زیادہ نقصان ہوتا ہے۔”
ہولناک صورتحال اور قحط کے دہانے پر
ورلڈ فوڈ پروگرام نے کہا کہ 7 اکتوبر 2023 سے مکمل محاصرے اور جاری صہیونی جارحیت کی وجہ سے غزہ کی منڈیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
اقوام متحدہ کے پروگرام نے آج جمعرات کو "ایکس” پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں مزید کہا کہ "تازہ خوراک، انڈے اور گوشت دستیاب نہیں ہیں، اور قیمتیں بے مثال سطح پر پہنچ گئی ہیں۔”
پروگرام نے اپنی ٹیم سے مطالبہ کیا کہ غزہ کے انتہائی ضرورت مند باشندوں تک پہنچنے کی اجازت دی جائے، یہ بتاتے ہوئے کہ امداد کی کمی نے خاندانوں کی زندگی کو مزید مشکل بنا دیا ہے۔
انٹیگریٹڈ فوڈ سیکیورٹی فیز کی درجہ بندی کی قحط پر نظرثانی کمیٹی نے اس ہفتے ایک نادر انتباہ جاری کیا، جس میں غزہ میں تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کی وجہ سے "قحط کے آنے والے اور شدید خطرے” پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
قبل ازیں یورو میڈیٹیرینین ہیومن رائٹس مانیٹر نے کہا تھا کہ ہزاروں فلسطینی جن میں شمالی غزہ کے تین ہسپتالوں کے مریض بھی شامل ہیں، غیر قانونی اسرائیلی ناکہ بندی کی وجہ سے بھوک یا مستقل صحت کو پہنچنے والے نقصان سے فوری طور پر موت کے خطرے سے دوچار ہیں۔
مانیٹر نے زور دیا، "یہ وقت ہے کہ سرکاری طور پر پورے غزہ میں قحط کا اعلان کیا جائے، خاص طور پر شمال میں، تمام قانونی اور اخلاقی ذمہ داریوں کے ساتھ جو اس طرح کے اعلان کے ساتھ آتے ہیں۔”
آبزرویٹری نے متعلقہ سرکاری حکام اور مجاز بین الاقوامی اداروں سے شمالی غزہ کی پٹی میں قحط کا باضابطہ اعلان کرنے کا مطالبہ کیا، جہاں 50 دن سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے کہ اسرائیل نے وہاں پھنسے ہوئے لاکھوں شہریوں کے لیے کسی بھی قسم کی امداد یا سامان کے داخلے کو روک رکھا ہے، جنہیں پہلے ہی سے قتل اور جبری نقل مکانی کے ذریعے ختم کرنے کے لیے انتہائی پرتشدد نسل کشی کی مہم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
گذشتہ منگل کو امریکی امدادی تنظیموں نے کہا کہ قابض حکام کی وجہ سے پورے غزہ میں 800,000 شہریوں کے لیے فاقہ کشی کے حالات پیدا ہو گئے ہیں، اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ قابض ریاست غزہ میں شہریوں کو مناسب امداد کی فراہمی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے اپنی قانونی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے۔
امدادی تنظیموں نے وضاحت کی کہ امداد کی ترسیل میں عائد رکاوٹوں نے شہریوں کی اموات اور مصائب میں اضافہ کیا ہے۔
انروا کے کمشنر جنرل فلپ لازارینی نے کہا کہ شمالی غزہ میں قحط کا امکان ہے، جہاں ایک ماہ سے زائد عرصے سے اسرائیل کی جانب سے نسلی صفائی کی مہم جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ قابض بھوک کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے، غزہ کے لوگوں کو زندہ رہنے کے لیے خوراک سمیت دیگر ضروری چیزوں سے محروم کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں داخل ہونے والی امداد ناکافی ہے، روزانہ اوسطاً صرف 30 ٹرکوں کے ساتھ، جو فلسطینیوں کی روزانہ کی ضروریات کا صرف 6 فیصد پورا کر پاتے ہیں۔
محاصرہ پر ہی اکتفا نہیں
اسرائیل امداد روکنے کے لیے کئی ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ زمین پر جو کچھ ہو رہا ہے وہ صرف امداد اور سامان کو غزہ میں داخل ہونے سے روکنے کے بارے میں نہیں ہے۔ کچھ اور ایسا ہے جو غزہ کے مکین جانتے ہیں، اور جس کی تصدیق اسرائیلی اخبار ہارٹز کی ایک تحقیقاتی رپورٹ سے بھی ہوئی ہے۔
گذشتہ اتوار کو شائع ہونے والی اس رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج غزہ میں مسلح گروہوں کو امدادی ٹرکوں کو لوٹنے اور بھتہ وصول کرنے کی اجازت دیتی ہے۔
ہارٹز کے مطابق، رفح کے علاقے میں دو معروف خاندانوں سے منسلک مسلح گروہ منظم طریقے سے کریم سالم محور کے ذریعے غزہ میں داخل ہونے والے ٹرکوں کے ایک اہم حصے کو اپنی منزلوں تک پہنچنے سے روکتے ہیں۔ اسرائیلی فوج جان بوجھ کر ان کارروائیوں سے آنکھیں بند رکھتی ہے۔
بین الاقوامی امدادی تنظیموں کے ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ مسلح افراد عارضی چوکیوں کا استعمال کرتے ہوئے ٹرکوں کو روکتے ہیں یا ان کے ٹائروں پر گولی چلاتے ہیں، پھر 15,000 شیکل کی "ٹرانزٹ فیس” کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اگر ڈرائیور انکار کرتا ہے، تو اس کے ٹرک کے ہائی جیک ہونے یا پکڑے جانے اور سامان چوری ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔
یہ حملے اس کی فوج سے چند سو میٹر کے فاصلے پر، اسرائیلی فوج کی کڑی نظر میں کیے جاتے ہیں۔ کچھ امدادی تنظیموں نے ان واقعات کے بارے میں اسرائیلی فوج سے رابطہ کیا لیکن انہوں نے مداخلت کرنے سے انکار کر دیا۔
امدادی تنظیموں نے کہا کہ اسرائیلی فوج انہیں محفوظ راستے استعمال کرنے سے بھی روکتی ہے۔
غزہ میں کام کرنے والی ایک بین الاقوامی تنظیم کے ایک سینیئر اہلکار نے بتایا کہ ’’میں نے وہاں سے صرف 100 میٹر کے فاصلے پر ایک اسرائیلی ٹینک دیکھا جہاں ایک مسلح فلسطینی کلاشنکوف کے ساتھ کھڑا تھا۔ مسلح افراد نے ڈرائیوروں کو مارا پیٹا اور سارا کھانا لے گئے۔
ایسے واقعات سے بچنے کے لیے، کچھ امدادی تنظیموں نے بھتہ کی رقم ایک فلسطینی کمپنی کے ذریعے ادا کرنے پر اتفاق کیا جو ثالث کے طور پر کام کر رہی تھی۔
جس علاقے میں امداد لوٹی جا رہی ہے وہ اسرائیلی فضائی نگرانی میں ہے جس کی ڈرونز کے ذریعے نگرانی کی جاتی ہے۔
بین الاقوامی امدادی تنظیموں کے مطابق امدادی ٹرکوں کی لوٹ مار موثر شہری حکمرانی کی عدم موجودگی کی وجہ سے غزہ میں مکمل افراتفری کی عکاسی کرتی ہے۔ مقامی پولیس کی باقیات نے چوروں کے خلاف کارروائی کرنے کی کوشش کی لیکن اسرائیلی فوج نے یہ دعویٰ کرتے ہوئے ان پر حملہ کر دیا کہ وہ حماس کا حصہ ہیں۔
تحقیقات سے یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ بین الاقوامی تنظیموں کا خیال ہے کہ مسئلہ کو حل کرنے اور غزہ میں فلسطینیوں تک پہنچنے کے لیے امداد کو فعال کرنے کے لیے ایک پولیس فورس کی ضرورت ہے – چاہے وہ فلسطینی ہو یا بین الاقوامی۔ تاہم یہ ایسا قدم ہے، جس کی اسرائیلی فوجی اور سیاسی قیادت مخالفت کرتی ہے۔