الخليل – مركز اطلاعات فلسطین
یہودی آباد کاروں کے ایک گروپ نے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں دورا قصبے کے’خربہ مراح البقارہ’ میں ایک مسجد اور اس میں موجود قرآن پاک کی بے حرمتی کی۔ اسرائیلی فوج کی فول پروف سکیورٹی میں یہودی بلوائیوں نے مسجد پر دھاوا بولا اور مسجد میں گھس اس کے اندر سامان کی توڑ پھوڑ کی۔
انہوں نے وہاں پر موجود قرآن پاک کی بھی بے حرمتی کی اور مسجد کی دیواروں پر فلسطینیوں اور مسلمانوں کے خلاف توہین آمیز نعروں کی چاکنگ کی۔
مقامی ذرائع نے بتایا یہودی شرپسندوں کے جتھے نے خربہ مراح البقارہ پر دھاوا بولا۔ اس موقعے پر اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے انہیں سکیورٹی فراہم کی۔
یہودی شرپسند مسجد کے مینار پر چڑھ گئے۔ انہوں نے مسجد کے اندر توہین آمیز اور اشتعال انگیز انداز میں رقص کیا اور گانے گائے۔ اس کے علاوہ انہوں نے مسجد کی دیواروں پر عبرانی میں نعروں کی چاکنگ کی۔
یہودی بلوائیوں کا ایک گروپ دورا اور الظاہریہ کےدرمیان العلقہ کے علاقے میں پھیل گیا۔ یہ واحد راستہ ہے جس کے ذریعے فلسطینی شہری دورا اور الخلیل شہر کے لوگ استعمال کرتے ہیں۔