اس وقت جب لاکھوں فلسطینی نکبہ جیسی دوسری جبری نقل مکانی کے بعد پناہ گزین کیمپوں میں عذاب اور بے چارگی کی زندگی گزار رہے ہیں، اسرائیل نے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین (انروا) پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ایجنسی نے پہلے نکبہ کے دوران بھی فلسطینیوں پر ٹوٹنے والی قیامت صغری کا مشاہدہ کیا تھا۔
اسرائیلی کنیسٹ نے پیر 28 اکتوبر 2024 کو مقبوضہ فلسطینی علاقے میں اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی مہاجرین کی تمام سرگرمیاں روکنے کے لیے دو قوانین کی منظوری دی۔
دونوں مسودوں میں سے ایک قابض ریاست اور انرو کے درمیان 1967 میں طے پانے والے معاہدے کو فوری طور پر ختم کرتا ہے، جب کہ دوسرا "ریاست اسرائیل کے خودمختار علاقے” (مقبوضہ فلسطینی علاقے) میں انروا کے کام پر پابندی عائد کرتا ہے۔
اگر یہ قانون 90 دنوں کے اندر نافذ ہو جاتا ہے، تو مقبوضہ بیت المقدس میں انروا کے ہیڈکوارٹر کو بند کر دیا جائے گا، جہاں تمام مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے لیے آپریشنز کا انتظام کیا جاتا ہے، اور یوں لاکھوں فلسطینی پناہ گزین مرد اور خواتین مقبوضہ فلسطین میں انروا کی طرف سے فراہم کی جانے والی بنیادی خدمات سے محروم ہو جائیں گے۔
سات اکتوبر 2023 کو غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جارحیت کے پہلے دن سے، قابض انروا پر الزامات کی بوچھاڑ کر رہی ہے اور اس کے کام میں رکاوٹیں ڈال کر اس کی موجودگی کو ختم کرنے کے منصوبہ بنارہی ہے، جس کے لیے بالآخر یہ قانون سازی کی گئی۔
فلسطینیوں کے خوف
غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے میں فلسطینی اس فیصلے کے بعد امید ویاس کی کیفیت سے گزر رہے ہیں۔پناہ گزینوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اس فیصلے سے ایجنسی کی جانب سے انہیں سات دہائیوں سے فراہم کی جانے والی خدمات، یعنی تعلیم، ریلیف اور صحت، اثر انداز ہوں گی۔
پناہ گزین محمود بصلہ (66 سال) نے ہمارے نمائندے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کیا "ہمیں میزائلوں سے مارنا کافی نہیں ہے، جو وہ ہماری تباہی کے آخری گواہ کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔” اب وہ ہمیں بھوک اور بیماری سے مارنا چاہتے ہیں۔”
وہ سوچتے ہیں کہ پابندی لگنے کے بعد صورتحال کیسی ہو گی؟
بصلہ کا خاندان 1948 میں الجورہ گاؤں سے ہجرت کر کے آیا تھا۔ سال کے آغاز میں خان یونس شہر پر اسرائیلی حملے کے بعد وہ فی الحال دیر البلح شہر میں مقیم ہیں۔ وہ اب اسے "بے گھر ہونے کی تباہی” کے طور پر بیان کرتے ہیں۔
حملے کے آغاز کے بعد سے، بصلہ اپنے خاندان، بچوں اور پوتے پوتیوں کے ساتھ دیر البلح کے علاقے میں خستہ حال خیموں میں ہیں، جہاں بنیادی ضروریات زندگی کی کمی ہے۔ اس خطے میں لاکھوں بے گھر خاندان ہیں، انروا ان کو صحت ، تعلیم اور دیگر بنیادی ضروریات فراہم کر رہی ہے۔
تباہی کی جنگ کے اندر
ہمارے نمائندے نے دیر البلح کے مرکز میں بے گھر ہونے والے افراد کے خیموں کا دورہ کیا، اور ان میں سے بہت سے لوگوں نے کہا کہ پابندی لگانے کا فیصلہ فلسطینی عوام کے خلاف نسل کشی کی ایک جامع جنگ کے تناظر میں ہے، اور ان کے مقصد کو ختم کرنے کی کوشش ہے۔
ام ایاد یونس، جن کا تعلق گاؤں "بربرہ” سے ہے اور دیر البلح میں البصہ کے علاقے میں ایک بوسیدہ خیمے میں مقیم ہیں، نے کہا کہ ایجنسی پر پابندی کے فیصلے کا مطلب ہزاروں افراد کی سزائے موت ہے۔
ہم ایجنسی میں پہلے ہی سے بھوکے مر رہے ہیں، اگر اسے مکمل طور پر ختم کر دیا جائے تو ہمارا کیا بنے گا؟
انہوں نے کہا کہ ایجنسی کے خلاف یہ فیصلہ سیاسی ہے کہ ایجنسی کو ختم کیا جائے اور باقی زمین کو ہتھیا لیا جائے، لیکن، انہوں نے کہا کہ” وہ ناکام ہوں گے”۔
شہری حسن عطا اللہ نے کہا کہ پابندی لگانا اقوام متحدہ کی ایجنسی کے خلاف بڑھتے ہوئے تناؤ کی انتہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسے نشانہ بنانا اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں ہے، کیونکہ یہ ایجنسی کئی سالوں سے اسرائیلی عتاب کا شکار رہی ہے۔ کئی بار اس کے وجود کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی کیونکہ اس نے فلسطینیوں پر 1948 کے نکبہ کے مظالم کا مشاہدہ کیا تھا۔
انروا 5.5 ملین سے زیادہ فلسطینی پناہ گزینوں کو اپنے آپریشن کے پانچ علاقوں، مغربی کنارے، غزہ، اردن، لبنان اور شام میں کیمپوں میں اپنی خدمات فراہم کرتی ہے۔
ایجنسی کی خدمات سے مستفید ہونے والوں میں مغربی کنارے میں 800000 سے زیادہ پناہ گزین ہیں، جن میں سے ایک چوتھائی 19 کیمپوں میں رہتے ہیں، جو کہ مختلف شہروں اور دیہاتوں میں تقسیم کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ، غزہ کی پٹی کی 2200000 آبادی کا 70% سے زیادہ مہاجرین ہیں، اور ان کی موجودگی 8 کیمپوں میں مرکوز ہے۔
اقوام متحدہ کا ردعمل
اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزینوں کے ترجمان، عدنان ابو حسنہ نے کہا کہ "اسرائیلی کنیسٹ” نے 1948 میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں اور بیت المقدس میں ایجنسی کے کام پر پابندی کے دو مسودہ قوانین کی منظوری دی ہے۔ یہ بڑا مسئلہ ہے اور اس پر اقوام متحدہ اور دنیا کے ان ممالک میں کارروائی ہونی چاہیے جنہوں نے اس قرارداد کو مسترد کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں جائیں گے تاکہ اسے اس "بڑے واقعے” کی تصویر میں رکھیں جس کی وجہ سے ” پابندی” لگائی گئی۔ مجھے امید ہے کہ اس فیصلے اور اس کے خطرناک اثرات کو روکنے کے لیے مناسب کارروائی ہوگی۔
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل، انتونیو گوٹیرس نے کہا کہ وہ کنیسٹ کے فیصلے کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پیش کریں گے ، اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ انروا کا کوئی متبادل نہیں ہے۔
انہوں نے (ایکس) پر ایک پوسٹ میں کہا کہ "اگر آج اسرائیلی کنیسٹ کے منظور کردہ قوانین پر عمل درآمد کیا جاتا ہے، تو وہ ممکنہ طور پر انروا کو مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اپنا ضروری کام جاری رکھنے سے روکیں گے، جس کے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے تباہ کن نتائج ہوں گے۔”
انہوں نے "اسرائیل” سے مطالبہ کیا کہ وہ "اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کے مطابق عمل کرے، کیونکہ قومی قانون سازی ان ذمہ داریوں کو تبدیل نہیں کر سکتی۔”
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزین، فلیپو گرانڈی نے کہا کہ اگر انروا کا کام روکا گیا تو لاکھوں فلسطینیوں کو تعلیم اور صحت کی خدمات سمیت اہم امداد سے محروم کردیا جائے گا۔
مہاجرین کی اجتماعی یاد
انروا کی بین الاقوامی امور کی ترجمان، تمارا الریفائی نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں کام پر پابندی کے فیصلے کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ "انروا نہ فلسطینی پناہ گزینوں کی صورت حال کی اجتماعی یاد دلاتا ہے، بلکہ فلسطینیوں کے لیے تعلیم، صحت اور تحفظ جیسی خدمات بھی فراہم کرتا ہے۔”
انہوں نے کہا کہ ‘”فلسطینی پناہ گزین اقوام متحدہ کی ایجنسی کو اقوام متحدہ سے منسلک ادارہ سمجھتے ہیں جس کے قیام پر جنرل اسمبلی اور عالمی برادری نے اتفاق کیا ہے، اور اس نے 75 سال پناہ گزینوں اور محروموں کی نمائندگی کی، یہاں تک کہ اگر اس کی خدمات ختم بھی ہوجاتی ہیں، تب بھی یہ فلسطینیوں کی نمائندگی کرے گا۔”
منظم جنگ
یورو-میڈیٹیرینین ہیومن رائٹس آبزرویٹری کے سربراہ، رامی عبدہ نے کہا، "انروا کے خلاف برسوں سے جاری مسلسل اقدامات کو قانونی حیثیت دینے پر اسرائیل کا اصرار مہاجرین کے خلاف اعلان جنگ ہے، جو کمزور ترین گروہوں میں سے ہیں اور فلسطینی معاشرے میں انہیں انسانی امداد کی ضرورت ہے۔”
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب غزہ اور مغربی کنارے میں تباہی اور محاصرے سے تمام علاقوں میں پناہ گزینوں اور بے گھر افراد کے حالات زندگی ابتر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے ماضی میں انروا کے 223 ملازمین کی ہلاکت اور پٹی میں اس کی تقریباً دو تہائی تنصیبات کی تباہی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقوام متحدہ کی اپنی ایجنسیوں، اداروں اور فیصلوں کی حفاظت میں نااہلی ہے۔
عبدہ نے خیال ظاہر کیا کہ "اسرائیل اپنی تمام پالیسیوں کے بارے میں شرم ناک بین الاقوامی خاموشی کا فائدہ اٹھا کر انروا سے ہمیشہ کے لیے چھٹکارا حاصل کر کے پناہ گزینوں کے مسئلے کو ختم کرنا چاہتا ہے”