سه شنبه 03/دسامبر/2024

میڈلین اور بہنیں، جنگ نے کیسے ان کے دلوں اور زندگیوں کو تہ وبالا کیا؟

جمعرات 22-اگست-2024

جنگ کئی آسودہ زندگیوں اور عام لمحات کو دردناک یادوں میں بدل دیتی ہے،  لوگوں اور خاندانوں کو توڑ پھوڑ دیتی ہے۔ غزہ میں، محبت اور امید کی ہزاروں کہانیاں نقصان، نقل مکانی، اور ایک نامعلوم زندگی کے خوف کے سانحات سے خبردار کیے بغیر ختم ہو گئیں۔

میڈلین، مرام اور ریحام شقلیہ، تین بہنوں کی یہ کہانی بھی ایسی ہے۔ یہ بیان کرتی ہے کہ جنگ نے کس طرح محفوظ لوگوں کی زندگیوں کو ہلا کر رکھ دیا اور انہیں اپنے  پھٹے ہوئے نفوس کو جوڑنے کے لیے مسلسل جدوجہد میں بدل دیا ہے۔
غزہ پر اسرائیل کے حملے سے چار دن پہلے، تینوں بہنیں اپنے والدین کے ترکی سے علاج  کے بعد واپسی کی خوشی میں دعوت کی تیاری میں مصروف تھیں۔

جنگ شروع ہونے کے ایک ہفتے بعد تک، تینوں بہنیں اپنے بچوں اور شوہروں کے ساتھ اپنے گھروں میں رہیں  مگر پھر 39 سالہ میڈلین کو  اسرائیل کی پرتشدد بمباری کے بعد جبری طور پر وسطی غزہ کی پٹی کے الزوایدہ قصبے سے شمالی غزہ کی پٹی کی جانب بے گھر کر دیا گیا۔ ان کے دیگر اہل خانہ کو بھی نقل مکانی کرنا پڑی۔

میڈلین انسانی حقوق کی تنظیم "بتسلیم” کی ایک ویڈیو میں کہتی ہیں: بے گھر ہونے کے بعد "میں اور میرے شوہر بے گھر افراد کے ایک مرکز میں چلے گئے، اور میرے والدین خان یونس میں میرے والد کی بہن کے گھر چلے گئے۔

میری بہن، ریحام، اس کے شوہر، اور بچے نے غزہ شہر کے مغرب میں بیچ پناہ گزین کیمپ میں پناہ لی۔ اور میری بہن مرام، جو حیی الرمال میں رہتی تھی، اپنے شوہر اور پانچ ماہ کی بیٹی یمنی کے ہمراہ حیی الصبرہ میں اپنے شوہر کے والدین کے گھر منتقل ہوگئے۔

تاہم، مرام وہاں بھی اسرائیلی بموں سے محفوظ نہیں رہی۔ 17 اکتوبر 2023 کو قابض فوج نے اس گھر پر بمباری کی جہاں وہ تھی، جس سے اس کی چھوٹی بچی یمنیٰ ہلاک ہوگئی،  اس کے کندھے پر چوٹ آئی اور وہ معمولی جھلس گئی۔ بم دھماکے میں اس کی بھابھی لیلیٰ بھی جان بحق ہوئی جو ڈیڑھ یا دو ماہ کی شیرخوار بچی الینا کی ماں تھی۔

میڈلین کہتی ہیں: "مرام کی نفسیاتی حالت ٹھیک نہیں تھی، اور وہ اپنی اکلوتی اولاد کھونے کے صدمے سے گزر رہی تھی۔ کچھ دنوں بعد، جب اسے ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا تو  ہم نے اسے اور اس کے شوہر کو خان یونس میں اپنے والدین کے پاس جانے کے لیے راضی کیا۔ میں بھی اپنی 13 سالہ بیٹی زینہ کے ساتھ وہاں منتقل ہوگئی۔

یہ آنسوؤں سے نم ایک ملاقات تھی، جس میں مرام نے بتایا کہ اس نے اپنے اکلوتی بچی کو کیسے کھو دیا۔ اس نے بتایا کہ وہ اس روز لیلیٰ کے ساتھ بیٹھی تھی۔

اس دوران وہ یمنہ کے لیے دودھ تیار کرنے لگی اور پھر اچانک اس کے کندھے پر کوئی بھاری چیز گر گئی۔ اس نے بتایا کہ اس نے یمنیٰ کو روتے ہوئے سنا جب گھر سفید دھول سے بھرا ہوا تھا۔ وہ چیخنے لگی: یمنی! یمنی! لیکن بچی نے مزید کوئی آواز نہیں نکالی اور مرام کو احساس ہوا کہ وہ شہید ہو چکی ہے۔

 ایسا لگتا ہے کہ زخمی ہونے والی لیلیٰ کو احساس ہو گیا تھا کہ وہ مرنے والی ہے، اس لیے اس نے مرام کو اپنی چھوٹی بچی کا خیال رکھنے کو کہا۔

میڈلین اس سانحے کی تفصیلات بیان کرتی ہیں جو ابھی ختم نہیں ہوا ہے: "اس دن، میں الزوایدہ واپس آئی، لیکن زینہ میرے والدین اور مرام کے ساتھ رک گئی جو مشکل دور سے گزر رہی تھی اور زینہ اس کے ساتھ بہت مانوس تھی۔

کیمپ میں زندگی ناقابل برداشت تھی اس لیے کچھ دنوں بعد، میں اور میرے شوہر غزہ واپس آگئے۔ اس وقت سڑک پر ابھی تک کوئی فوجی چوکی نہیں تھی۔

اس عرصے کے دوران، جب تینوں بہنیں (میڈلین، مرام اور ریحام) غزہ شہر میں تھیں، اور ایک دوسرے سے رابطے میں تھیں۔ "صورتحال بہت مشکل تھی، خاص طور پر بیچ پناہ گزین کیمپ میں، جہاں ریحام رہتی ہے۔” جب بھی ہم فون پر بات کرتے، ہم نے خدا کا شکر ادا کیا کہ ہم ابھی تک زندہ ہیں۔

جب 27 اکتوبر کو قابض حکام کی جانب سے غزہ میں دو روز کے لیے جان بوجھ کر مواصلاتی نظام منقطع ہونے کے بعد نیٹ ورک بحال ہوا تو میڈلین نے مرام سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن اس نے جواب نہیں دیا، "میں نے بار بار کوشش کی اور آخر کار اس کی بھابھی لبنیٰ نے جواب دیا اور بتایا کہ مرام ایک دن پہلے ہی شہید ہو چکی ہیں۔”

یہ خبر میڈلین پر بجلی کی طرح گری،  انہیں ایسا لگا جیسے یہ کوئی ڈراؤنا خواب میں ہے۔ مرام کے شوہر کو بھی گردن اور کمر میں شدید چوٹیں آئیں اور وہ کافی دیر تک خان یونس کے مشرق میں واقع یورپین ہسپتال میں رہے۔

مرام کو اس کی چھوٹی بچی کو قتل کرنے کے تقریباً دس دن بعد شہید کیا گیا، اور اسے ہمارے الوداع کہے بغیر دفن کر دیا گیا۔ میڈلین نے کہا کہ اس کی بہن مرام ان میں سب سے چھوٹی تھی اور جنگ سے ڈیڑھ سال پہلے اس کی شادی ہوئی تھی۔

مرام نے بزنس ایڈمنسٹریشن کی تعلیم حاصل کی اور وہ اس شعبے سے وابستہ تھی۔ میڈلین نے کہا کہ”وہ ایک زندہ دل انسان تھی، میٹھے مزاج اور خوبصورت ہنسی کے ساتھ وہ اپنے خاندان اور اپنے گھر سے پیار کرتی تھی ، جس کا ہمیشہ خیال رکھا جاتا تھا۔ اس کے بہت سے دوست تھے جو اس سے بہت پیار کرتے تھے۔ اس نے ہمیشہ میری ماں اور باپ کا خیال رکھا، کیونکہ اس کی شادی آخر میں ہوئی اور اسے ان کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع ملا۔ یمنیٰ کی پیدائش پر وہ بہت خوش تھیں۔ اس نے بچی کے لیے خوبصورت کمرہ تیار کیا اور پارٹی کا اہتمام کیا۔

میڈلین کہتی ہیں کہ میرے والد نے مرام کی شہادت کے بعد مجھ پر اور میری بہن ریحام پر جنوب کی طرف جانے کے لیے دباؤ ڈالا۔ "ہم ریحام کے لڑکوں کے ساتھ سفید جھنڈا لے کر نکلے، اور خان یونس تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔ دو دن بعد میرے شوہر اور ریحام کے شوہر ہمارے ساتھ آ ملے۔

میڈلین اور اس کا خاندان پٹی کے مرکز اور جنوب کے درمیان بار بار نقل مکانی سے بچنے کے لیے جنگ کے خاتمے کا انتظار کر رہے ہیں۔ اس امید پر کہ وہ ترکی میں اپنے تین بیٹوں اور چوتھی بیٹی سے مل پائیں گے جو ناروے میں رہتی ہے۔

مختصر لنک:

کاپی