پنج شنبه 12/دسامبر/2024

فلسطینیوں سے یکجہتی کے لئے پاکستان میں جمعہ کو یوم سوگ منانے کا اعلان

جمعرات 1-اگست-2024

پاکستان نے فلسطینی بہن بھائیوں سے یکجہتی  اور اسرائیلی وحشت کی دوٹوک مذمت کے طور پر کل دو اگست کو پاکستان بھر میں یوم سوگ منانے کا فیصلہ کیا۔ اس امر کا فیصلہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کے بڑھتے ہوئے  مظالم پرحکومت اور اتحادی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ 

اجلاس میں کل بعد از نمازِ جمعہ پورے ملک میں اسماعیل ہنیہ شہید کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور پارلیمنٹ میں فلسطین کے ساتھ مکمل یکجہتی کے اظہار کے لیے ایک خصوصی قرارداد پیش کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ 

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کے بڑھتے ہوئے  مظالم پرحکومت اور اتحادی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ 

اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلز پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ، استحکام پاکستان پارٹی، پاکستان مسلم لیگ ق، پاکستان مسلم لیگ ضیاء، نیشنل پارٹی  کے سربراہان و سینیئر نمائندے شریک ہوئے۔ وزیرِ اعظم نے اجلاس میں شرکت پر شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان فلسطین کو امدادی سامان کی ترسیل جاری رکھے گا اور مظلوم فلسطینی بہن بھائیوں کی طبی امداد کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے گا جس کے تحت فلسطینی زخمیوں کو علاج معالجے کے لیے پاکستان لایا جائے گا۔ 

اجلاس میں شرکاء نے مشترکہ طور پر فلسطین میں نو ماہ سے نہتے لوگوں پر جاری اسرائیلی ظلم و بربریت پر غم و غصے کا اظہار کیا۔ شرکاء نے اسرائیلی مظالم کی پرزور مزمت کرتے ہوئے نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل  اظہارِ یکجہتی کیا۔ 

اجلاس میں گزشتہ روز تہران میں حماس کے لیڈر اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس نے اتفاق کیا کہ یہ واقعہ فلسطینیوں پر جاری ظلم و بربریت بند کرنے اور خطے میں امن کے قیام کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی دانستہ سازش ہے۔ 

اجلاس کے شرکاء کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات دنیا کے امن کو تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ خطے میں مزید کشیدگی کی فضاء کو ہوا دیتے ہیں۔ 
 وزیرِ اعظم نے فلسطین میں جاری اسرائیل کے ریاستی ظلم و بربریت کو امت مسلمہ کیلئے المیہ قرار دیا۔ اجلاس میں پرزور مطالبہ کیا گیا کہ نہتے فلسطینیوں کی فوری طور پر انسانی ہمدردی کے تحت امداد تک رسائی یقینی بنائی جائے۔ 

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فلسطینی میڈیکل طلباء کو اپنی تعلیم جاری رکھنے کیلئے پاکستان کے میڈیکل کالجز میں امدادی بنیادوں پر داخلہ دیا جائے گا۔

فلسطین میں جاری نسل کشی اور ریاستی ظلم و بربریت سے اسرائیل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں، عالمی عدالت انصاف کے فیصلوں اور عالمی قوانین کی دھجیاں بکھیر رہا ہے، جبکہ بین الاقوامی برادری اس پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ شرکاء

شرکاء نے مطالبہ کیا کہ پوری عالمی برادری کو مصلحت سے نکل کر یہ ظلم کی و بربریت روکنے کیلئے  واضح اور دو ٹوک مؤقف اپنانا ہوگا، وگرنہ عالمی قوانین اور اداروں کی حیثیت آئندہ نسلوں کیلئے ایک سوالیہ نشان بن کر رہ جائے گی۔

اجلاس میں عالمی برادری بشمول اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنی خاموشی توڑیں اور صہیونی قوتوں کے ہاتھوں مظلوم فلسطینیوں کی جاری نسل کشی فی الفور روکیں اور اسرائیل کو جنگی جرائم اور فلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑ توڑنے پر انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کریں۔

مختصر لنک:

کاپی