جمعه 15/نوامبر/2024

بیروت کے جنوبی مضافات پر اسرائیلی حملے میں تین شہری شہید،74 زخمی

منگل 30-جولائی-2024

اسرائیل کے بغیر پائیلٹ ڈرون طیارے نے منگل کی شب بیروت کے جنوبی مضافات کے علاقے حارہ حریک کو نشانہ بنایا۔ جس کے نتیجے میں کم سے کم تین شہری شہید اور کم سے کم 74 زخمی ہوگئے۔

لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی ڈرون نے بیروت کے جنوبی مضافات میں حزب اللہ کی مجلس شوری کے علاقے کو نشانہ بنانے پر اکتفا کیا۔

ادھر برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے ایک سکیورٹی ذریعے کا بیان نقل کیا ہے جس میں کہا گیا تھا ’’کہ بیروت کے جنوبی مضافات پر اسرائیلی کارروائی کا ہدف حزب اللہ کے ایک سینئر رہنما تھے جن کے بارے میں فی الحال کوئی بات تیقن سے نہیں کہی جا سکتی۔‘‘

مقامی سوشل میڈیا چینلز پر نشر ہونے والے مختصر ویڈیو کلپس میں بیروت کے جنوبی مضافات میں زوردار دھماکے کے بعد دھویں کے بادل اٹھتے دیکھے جا سکتے ہیں۔

مقبوضہ گولان کی چوٹیوں میں مجدل شمس کے علاقے میں ایک فٹبال گراؤنڈ پر میزائل حملے میں بارہ بچوں کی ہلاکت کے بعد سے اسرائیل کے متوقع ردعمل کے خدشے کے پیش نظر لبنان کا دارلحکومت ایک تناؤ کی حالت میں ہے۔

اسرائیل اور امریکہ نے بیک زبان ہو کر گولان میں حملے کی ذمہ داری حزب اللہ پر ڈالی ہے، حزب اللہ اس کارروائی میں ملوث ہونے سے انکار کرتا ہے۔

 

مختصر لنک:

کاپی