بائیڈن انتظامیہ نے کہا تھا کہ اسرائیل کو رفح کے شہر پر بم برسانے سے روکنے کے لیے بموں کی منتقلی روکی گئی تھی۔
کانگریس کے عہدیداروں نے نام نہ بتانے کی شرط پر اسرائیل کو اسلحہ بھجوانے کے معاملے پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ پیکج میں ٹینکوں کے گولہ بارود کے لیے 70 کروڑ ڈالر، فوجی گاڑیوں کے لیے 50 کروڑ ڈالر اور چھ کروڑ ڈالر کے مارٹر گولے شامل ہیں۔
تاہم اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا کہ اسرائیل کو فوجی پیکج کب بھجوایا جائے گا۔
خیال رہے کہ ایوان نمائندگان میں ریپبلکن ارکان اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی لازمی قرار دینے کے حوالے سے رواں ہفتے ایک بل پیش کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے اسرائیل کو بموں کی ترسیل روکنے پر ریپبلکن ارکان نے تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ یہ اقدام مشرق وسطیٰ میں اپنے قریبی اتحادی کو ترک کرنے کے مترادف ہے۔
وائٹ ہاؤس نے منگل کو کہا تھا کہ بل کانگریس سے منظور ہونے کی صورت میں صدر جو بائیڈن اسے ویٹو کر دیں گے۔
تاہم ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹ ارکان اس تمام معاملے پر منقسم دکھائی دیتے ہیں۔ ان میں سے متعدد نے بائیڈن انتظامیہ کو خط بھی لکھا ہے اور کہا ہے کہ بموں کی منتقلی روک کر جو پیغام بھیجا گیا ہے اس پر انہیں ’گہری تشویس‘ ہے۔
بائیڈن انتظامیہ میں عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی لازمی قرار دینے سے متعلق قانون سازی پر وائٹ ہاؤس ایوان کے متعدد ارکان سے رابطے میں ہے۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرین ژاں پئیر نے رواں ہفتے کہا تھا کہ ’ہم امریکی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے مقاصد کے مطابق سکیورٹی امداد کی تعیناتی کے لیے صدر کی صلاحیت کو محدود کرنے کی کوششوں کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں۔‘