جمعه 15/نوامبر/2024

اسرائیل کا مقصد حماس کو مٹانا نہیں یہ جنگ فلسطینیوں کے خلاف ہے

بدھ 13-دسمبر-2023

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ فائر بندی میں تعطل ختم ہوتے ہی غزہ کا آسمان پر گولہ بارود، ہیلی کاپٹر، ڈرون، توپ کے گولے، ٹینک کے گولے، مارٹرز، بموں اور میزائلوں سے بھر گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے غزہ پر 25 ہزار ٹن دھماکہ خیز مواد گرایا ہے جو ہیروشیما اور ناگاساکی پر گرائے گئے ایٹم بموں کے تقریباً برابر ہے۔

پاکستان کے مندوب نے کہا کہ ’اسرائیل کا مقصد صرف حماس کو مٹانا نہیں ہے۔ یہ فلسطینی عوام کے خلاف جنگ ہے۔ اسرائیل کا مقصد نہ صرف ایک قوم بلکہ فلسطین کے پورے تصور کو مٹانا ہے۔‘

منیراکرم کا کہنا تھا کہ ’اسرائیل کی یہ عسکری مہم تاریخ میں دیگر آباد کار نوآبادیاتی حکومتوں کی طرف سے نسلی قتل عام کی کاربن کاپی ہے۔‘

اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’غزہ میں 18 ہزار سے زائد فلسطینی شہید، 42 ہزار زخمی اور غزہ کی 80 فیصد سے زائد آبادی کے 18 لاکھ سے زائد افراد  کو ان کے گھروں سے بے دخل کر دیا گیا ہے، ہزاروں لاپتہ اور ملبے تلے دبے ہوئے ہیں اور اس کے باوجود اسرائیل باز نہیں آیا ہے۔‘

انہوں نے سوال کیا کہ ’کیا یہ اپنے دفاع کی کسی بھی شکل میں جائز  ہے کہ آپ 18 ہزار شہریوں کو قتل کریں اور سلامتی کونسل میں تحفظ  بھی ملے؟‘

انہوں نے کہا کہ ’میں تمام ممبران سے اپیل کروں گا کہ وہ اس یکطرفہ قتل عام کو دیکھیں۔‘

مختصر لنک:

کاپی