سکالرز ایسوسی ایشن فلسطین سے باہر بسنے والے فلسطینی اور عالم اسلام کے سرکردہ سکالرز کا نمائندہ فورم ہے جس کا مقصد مسئلہ فلسطین کے حوالے سے عوام الناس اور علما کو ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کرنا ہے۔
پاکستان کے ثقاقتی دارالحکومت لاہور میں وفد نے مصروف دن گذارا۔ فلسطین سکالرز ایسویسی ایشن کے وفد نے مرکز جماعت اسلامی پاکستان منصورہ کا دورہ کیا، جہاں انہیں مختلف شعبوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر نواف ھایل تکروری نے کہا ’’کہ فلسطین کی سرزمین ایک اسلامی وقف ہے، اس کے ایک انچ رقبے پر بھی کسی کو افراط وتفریط کا اختیار نہیں۔ فلسطینی نہ صرف میدان جہاد بلکہ اسرائیلی جیلوں میں بھی لازوال قربانیوں کی دلیرانہ جدوجہد میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ ‘‘
وفد کے ارکان نے اچھرہ میں سید مودوی ٹرسٹ اور اسلامی جمعیت طلبہ کے مرکزی دفتر کا بھی دورہ کیا۔ وفد کے ارکان نے بانی جماعت سید ابوالاعلیٰ مودودی رحمہ اللہ کی قبر پر فاتحہ پڑھی۔
اس موقع پر مسئلہ فلسطین کی ترویج و اشاعت کے ضمن میں باہمی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ قبلہ اول کی یہودی قبضے سے آزادی کی جدوجہد میں مصروف ایسی غیور اور بہادر قوم کی بشتی بانی پوری امت مسلمہ کا فرض ہے۔
سکالرز ایسویسی ایشن فلسطینی کا وفد اپنے پانچ روزہ دورے کے دوران لاہور کے علاوہ اسلام آباد اور کراچی بھی جائے گا جہاں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے دینی، سیاسی اور تعلیمی حلقوں سے ملاقاتیں کریں گے۔
اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے سے متعلق عوامی حلقوں میں ہونے والے سرکاری اور غیر سرکاری کوششوں میں تیزی کے تناظر میں سکالرز ایسویسی ایشن فلسطین کے وفد کے دورے کو دینی اور سیاسی حلقوں میں نہایت اہمیت دی جا رہی ہے۔