جمعه 15/نوامبر/2024

پاکستان کی بقا اسرائیل کو کسی صورت تسلیم نہ کرنے میں ہے: لیاقت بلوچ

جمعہ 14-اپریل-2023

نائب امیر جماعت، اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اتحادِ امت اور عالمِ اسلام کا دفاعی، اقتصادی اور خارجہ محاذ پر ایک ایجنڈا ناگزیر ہے۔

یومِ پاکستان اور یوم القدس کانفرنس اور ختمِ قرآن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ 27 رمضان المبارک کو پاکستان کی آزادی کی اسلامی نظریاتی اور علاقائی سطح پر بڑی اہمیت ہے۔ 

 قیامِ پاکستان کے ساتھ ہی جنوبی ایشیا میں کشمیر تنازعہ اور مشرقِ وسطی میں فلسطین کی سرزمین پر یہودیوں کی ناجائز آبادی مسلط کرکے طویل المیعاد سازش کی گئی۔ امریکہ و یورپ اپنی سازشی تھیوریز اور ایجنڈا کے مطابق فلسطینیوں کی زمین پر قابض اسرائیل مسجد اقصی میں نمازیوں پر ماہِ رمضان میں ظلم، تشدد اور بربریت کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔ 

 اسرائیل ناجائز ریاست ہے اور بھارت کا جموں و کشمیر پر قبضہ ناجائز ہے۔ پاکستان کی بقا اِسی میں ہے کہ بھارت کے مذموم عزائم کے خلاف ڈٹا رہے اور اسرائیل کو کسی صورت تسلیم نہ کیا جائے۔ کشمیر اور فلسطین مسئلہ پر پاکستانی حکومت کی پالیسی مشکوک ہو رہی ہے۔ پارلیمنٹ میں پالیسی قرارداد کے ذریعے دوٹوک موقف کا اظہار کیا جائے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ اتحادِ امت اور عالمِ اسلام کا دفاعی، اقتصادی اور خارجہ محاذ پر ایک ایجنڈا ناگزیر ہے۔ ایران، سعودی عرب، شام کے تعلقات کی بحالی اور یمن میں جنگ بندی کا اعلان ماہِ رمضان میں مِلتِ اسلامیہ کے لیے بڑی خیر کی خبر ہے۔ 

عالمِ اسلام کے مسائل خصوصا فلسطین و کشمیر پر پاکستان کے مضبوط موقف کے لئے ناگزیر ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام پیدا کیا جائے۔ 

مختصر لنک:

کاپی