جمعه 15/نوامبر/2024

مسجد اقصی پر چھاپے اور تقدس پامالی پر پاکستان کی مذمت

منگل 28-مارچ-2023

پاکستان نے رمضان المبارک کے تیسرے روز مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی افواج کے چھاپے، نمازیوں کو بے دخل کرنے اور مسلمانوں کے مقدس ترین مقامات میں سے ایک مسجد اقصی کے تقدس کو پامال کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے پیر کو جاری بیان کے مطابق یہ قابل مذمت ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں اسرائیلی قابض افواج کی طرف سے مسجد الاقصی پر اس طرح کے حملے حالیہ برسوں میں ایک معمول بن چکے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسی کارروائیاں نہ صرف فلسطینی عوام کے مذہبی آزادی کے بنیادی حق کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ دنیا بھر کے ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کے مذہبی جذبات کی بھی توہین ہے۔ترجمان کے مطابق فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی قابض افواج کی طرف سے طاقت کا اندھا دھند استعمال تمام انسانی اور انسانی حقوق کے اصولوں اور قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی چھاپے مار کر اسرائیل رمضان کے تقدس کا احترام کرنے کے اپنے حالیہ وعدے سے پیچھے ہٹ گیا ہے۔پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کرے جو اس سال کے آغاز سے خاص طور پر عروج پر ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان فلسطینی عوام اور فلسطینی کاز کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے، ہم اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کا دیرپا حل اور منصفانہ بنیادوں پر 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے ساتھ ایک قابل عمل، خودمختار اور فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، کے اپنے مطالبے کی تجدید کرتے ہیں

 

مختصر لنک:

کاپی