اسرائیلی فوج کی سپیشل فورس نے رامون جیل پر چھاپہ مارا قیدیوں پر تشدد کے بعد تقریبا 80 فلسطینی اسیروں کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔
فلسطینی صحافتی ذرائع کے مطابق اس سے قبل جیل حالات میں کشیدگی پیدا ہونے کی وجہ سے تمام جیل عملہ پہلے ہی ہائی الرٹ پر تھا۔
انجمن فلسطینی اسیران کے مطابق گذشتہ روز قابض اسرائیلی فورسز نے رامون جیل کی بارک نمبر 3 پر چھاپہ مار کر وہاں قید افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا اور تقریبا 80 فلسطینی قیدیوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
اسکے علاوہ جیل انتظامیہ نے اسرائیلی فورسز کے چھاپے اور قیدیوں کے تبادلے کے دوران تمام بارکیں سیل کر دیں۔
اسیران کے میڈیا آفس کے مطابق قابض اسرائیلی فورسز نے رامون جیل کے اسیروں کے تبادلے سے پہلے ان پر اشک آور گیس، سٹن گرنیڈ اور ربر میں لپٹی دھاتی گولیاں برسانا شروع کر دیں۔ تاہم، اب تک کسی قیدی کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔
حال میں اسرائیلی قومی سلامتی کے وزیر ایتمار بن گویر کے حکم پر قابض اسرائیلی جیل حکام نے فلسطینی اسیروں کو انکے حقوق سے محروم کرنے اور انکے خلاف سختیاں بڑھانے کے حکم کے بعد فلسطینی قیدیوں نے پرامن احتجاج رکارڈ کروانے کے حق کا استعمال کیا تھا۔