چهارشنبه 30/آوریل/2025

اسرائیل کا افریقی یوینن میں مبصر کا درجہ معطل

منگل 21-فروری-2023

افریقی ملکوں کے اتحاد نے تنظیم میں اسرائیل کا بطور مبصر درجہ منسوخ کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ افریقی یونین 55 ملکوں پر مشتمل علاقائی بلاک ہے۔

اس امر کا اعلان افریقی یونین کمیشن کے چیئرمین موسیٰ فقی مھامت نے ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا میں کیا۔ ایک روز قبل افریقی یونین کے اجلاس سے اسرائیلی مندوب کو باہر نکال دیا گیا تھا۔

موسیٰ فقی کے بقول افریقی اتحاد میں اسرائیلی کی بطور مبصر شمولیت برقرار رکھنے یا نہ رکھنے کا فیصلہ آئندہ برس تنظیم کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

اس واقعے کے بعد 55 رکنی اتحاد میں اسرائیل کو 2021ء میں تنظیم کے چیف کمشنر کی جانب سے مبصر کا درجہ دینے سے متعلق تنازع ایک مرتبہ پھر سامنے آ گیا۔

اسرائیل کی بطور مبصر اتحاد میں شمولیت سے متعلق فیصلے پر اس وقت تنظیم میں شامل دو اہم اور بااثر ملکوں الجزائر اور جنوبی افریقہ نے شدید احتجاج کیا تھا۔

گذشتہ برس افریقی اتحاد نے اسرائیل کی بطور مبصر شمولیت کے حوالے سے ہونے والے بحث روک کر سربراہان مملکت پر مشتمل ایک کمیٹی کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ اس معاملے کے بارے میں مناسب فیصلہ کریں۔

الجزائر، جنوبی افریقہ، سینیگال، کیمرون، عوامی جمہوریہ کانگو، روانڈا اور نائیجریا کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی اگلے برس افریقی اتحاد کے سربراہی اجلاس کے موقع پر اسرائیلی رکنیت سے متعلق فیصلے کا جائزہ لے گی۔

مسٹر فقی نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ اس ایشو پر تحقیقات ہو رہی ہیں، جس کا مطلب ہے کہ کمیٹی کے مذاکرات مکمل ہونے تک اسرائیل کی مبصر حیثیت معطل رہے گی اور ہم نے اسرائیلی حکام کو سمٹ میں شرکت کی دعوت نہیں دی۔

سوشل میڈیا پر وائرل وڈیو میں اسرائیلی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر برائے افریقہ شارون بار لی کو سکیورٹی عملے کی معیت میں افریقی یونین کی اسمبلی ہال سے باہر جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی