مقبوضہ فلسطین سے ملنے والی اطلاعات میں بتایا گیا کہ اسرائیلی فورس کے خصوصی دستوں نے جلبوع جیل میں قیدیوں کے مختلف سیلز پر حملہ کر کے وہاں قید فلسطینی اسیران سے بدسلوکی کا ارتکاب کیا۔
اسیران کے میڈیا آفس کے مطابق اسرائیلی فورسز کے بدنام زمانہ سکیورٹی یونٹس نے جلبوع جیل کے سیکشن ون پر دھاوا بولا۔ بارک کے اندر چیزیں تلپٹ کر دیں اور قیدیوں سے مار پیٹ کی۔
حال ہی میں اسرائیل جیل انتظامیہ نے صہیونی عقوبت خانوں میں قید فلسطینی اسیران پر نت نئی پابندیاں عاید کرنا شروع کر دیں۔ قیدیوں کو ان کے حقوق سے محروم کرنے والے اقدامات اور پابندیاں دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے انتہا پسند صہیونی وزیر ایتمار بن گویر کے ایماء پر لگائی گئی ہیں۔
گذشتہ دنوں اسرائیلی جیل انتظامیہ کے مظالم کے خلاف فلسطینی اسیران نے جیلروں کے احکامات کی حکم عدولی سے متعلق مہم کا آغاز کیا جس سے زچ ہو کر اسرائیلی جیل انتظامیہ نے مختلف قید خانوں میں نئی سزائیں دینے کا سلسلہ شروع کر دیا۔