قابض اسرائیلی فورسز نے حملہ کر کے فلسطینی نوجوانوں اور ایک بچے کوبھی زخمی کر دیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق بچے کو اسرائیلی فوجیوں کی طرف سے کی گئی فائرنگ کے دوران ربڑ کی گولی لگی ہے۔
قابض فورسز نے یہ حملہ جنین شہر کے جنوب میں الذبابدہ ٹاون میں کیا ہے ۔ فورسز کے اہلکاروں نے ایک گھر کو گھیرے میں لے لیا ۔ اس دوران علاقے کے نوجوانوں کے ساتھ اسرائیلی فورسز کی جھڑپ ہوئی اور فوجیوں نے ربڑ کی گولیاں چلائیں اور آنسو گیس کے شیل پھینکے۔
ربڑ کی گولی لگنے سے ایک فلسطینی بچہ زخمی ہو گیا۔ اس کے علاوہ شدید شیلنگ کے دوران ہی ایک مقامی ریستوران کا بھی نقصان ہوا ہے۔ علاقے میں کارروائی کے دوران اسرائیلی فوجیوں نے گھروں اور دکانوں پر چڑھائی کرکے وہاں لگے سیکیورٹی کمیروں کی فوٹیج قبضے میں کر لی۔
بعد ازاں اسرائیلی قابض فورسز نے ایک عارضی چیک پوسٹ قائم کرکے دو دیہات کے درمیان مقامی فلسطینیوں کی آمد و رفت روک دی۔
اسی طرح کی ایک اور اسرائیلی کارروائی کے دوران فلسطینیوں کی زرعی زمین پر کام کرنے والے ٹریکٹر اور ٹرالیاں قبضے میں لے لیں۔ یہ واقعات وادی اردن کے شمال میں راس الاحمر بدوئن ہیلمٹ میں پیش آئے۔
واضح رہے پچھلے سال کے آغاز سے قابض اسرائیلی فوج نے 80 سے زائد ٹریکٹرز اسی طرح فلسطینیوں سے چھین لیے گئے ہیں۔ نجی گاڑیاں اور پانی کے کنٹینرز بھی قابض فورسز فلسطینیوں سے چھین کر لے جاتی ہیں