فلسطینی تنظیموں نے عرب اور مسلم اقوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مسجد اقصیٰ اور یروشلم کے تحفظ کے لیے مالی امداد سمیت ہر ممکنہ طریقے سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے آگے بڑھیں۔ اس امر کا اظہار غزہ میں فلسطینی تنظیموں کی ایک مشترکہ نیوز کانفرنس کے دواران کیا گیا ہے۔
فلسطینی تنظیموں کی طرف سے عرب اور مسلم دنیا سے کہا گیا کہ مسجد اقصیٰ اور یروشلم کی حمایت کے لیے ان کے ہاں عوامی غم و غصے کا زیادہ اظہار سامنے آنا چاہیے۔
فلسطینی تنظیموں کی نمائندگی کرتے ہوئے فلسطینی سکالرز کی انجمن کے رکن اور ممبر پارلیمنٹ مشیر المصری نے اپنے خطاب میں اسرائیلی وزیر داخلہ بین گویر کی طرف سے مسجد اقصیٰ کی حالیہ بے حرمتی پر اظہار افسوس کیا۔
انہوں نے زور دے کر کہا ‘اسرائیلی حکومت کی طرف سے مسجد اقصیٰ کے حوالے سے کسی بھی اقدام پر فلسطینی عوام اسرائیلی فوجیوں اور یہودی آباد کاروں کے قبرستان بسا دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا ‘ فلسطینی عوام مسجد اقصیٰ کے خلاف اسرائیل کے ہر شیطانی منصوبے کو ناکام بنائیں گے، مسجد اقصٰی ہماری ہے اور صہیونی دشمن کبھی بھی اس میں اپنے جھوٹے اور بے بنیاد دعوے کو حقیقت میں نہیں پا سکے گا۔ خواہ وہ اس کے لیے کتنی ہی کوشش کرتا رہے۔
رکن پارلیمنٹ مشیر المصری نے کہا ‘ مسجد اقصیٰ ہماری سرزمین پر قائم ہے۔ اس لیے اس کے دشمن کو اسے چھوڑنا ہوا گا یا پھر موت کے لیے تیار رہنا ہوگا۔