آج صبح نابلس میں اسرائیلی فوج کے حملے کے دوران ایک فلسطینی فٹ بال کھلاڑی شہید اور دیگر تین نوجوان شدید زخمی ہو گئے۔
طبی ذرائع نے شہید کی شناخت 23 سالہ احمد عاطف دارغمہ کے نام سے کی ہے جو گولی لگنے سے شدید زخمی ہو ئے اور پھر جانبر نہ ہو سکے۔
صبح سویرے سے، درجنوں آباد کاروں کو قبرِ یوسفؑ کی بآسانی زیارت کروانے کے لیےاسرائیلی قابض افواج نے فوجی بلڈوزر کے ساتھ شہر پر دھاوا بولا۔ اس کے نتیجے میں پرتشدد جھڑپیں جاری رہیں۔
مقامی اور میڈیا ذرائع کے مطابق چار نوجوان گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے، جن میں سے ایک بعد میں شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ جھڑپوں کے دوران آنسو گیس کے استعمال سے 19 شہری متاثر ہوئے۔
حماس نے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بیان دیا: مغربی کنارے میں جاری قابض فوج اور آباد کاروں کی جارحیت کا مزید استقامت اور مزاحمت کے ساتھ مقابلہ کیا جائے گا۔ دراغمہ کی شہادت نے فخر و غیرت کے میدان میں ارضِ فلسطین کا دفاع کرتے ہوئے شیطانی دشمن کو پیغام دیا ہے کہ جب تک کہ ہمارے لوگ ہوشیار اور وطن کی پکار پر لبیک کہنے کے لیے تیار ہیں، وہ محفوظ طریقے سے ادھر ادھر نہیں جا سکتا۔”