جمعه 15/نوامبر/2024

خلیج، چینی سربراہ کانفرنس میں مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل پر زور

جمعہ 9-دسمبر-2022

چینی اور خلیجی قیادت نے خلیج، چینی سربراہ کانفرنس برائے تعاون وترقی کے جمعہ کے روز منعقد ہونے والے اجلاس کے موقع پر اتفاق رائے سے منظور کئے جانے والے مشترکہ اعلامیہ کی منظوری دیتے ہوئے مسئلہ فلسطین دو ریاستی حل کی بنیاد پرطے کرنے کی ضرورت پرزوردیا۔

سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی صدارت میں دارلحکومت ریاض میں منعقد ہونے والی کانفرنس کے موقع پر شرکاء نے 1967 کی سرحدوں میں خود مختار ریاست کا قیام مشرقی القدس کو اسکا درالحکومت بنانے فلسطینی علاقوں میں یہودی آباد کاری بند کرنے یک طرفہ اقدامات سے باز رہنے اورالقدس سمیت تمام مقامات مقدسہ کی تاریخی حیثیت کے احترام کی تاکید کی۔

شرکا نے افغانستان میں سیاسی امن واستحکام کی اہمیت اورافغانوں کےلیے انسانی امدادی مشن تیز کرنے پرزوردیا جبکہ افغان حکام سے عوام کے ہرطبقے کے لیے بنیادی آزادی اورحقوق کے تحفظ کے وعدے پورے کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ افغان حکام کسی بھی دہشت گرد تنظیم کو اپنی اراضی استعمال کرنے کی اجازت نہ دیں اوراس امر کو یقینی بنائیں۔

کانفرنس کے قائدین نے تجارت، توانائی، سرمایہ کاری صنعت، ٹیکنالوجی، خلا، صحت اورمالیاتی شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کا بھی عزم ظاہر کیا۔

قائدین نے ہر طرح کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی ہر صورت کو مسترد کیا جاتا ہے علاوہ ازیں دہشت گردی کی فنڈنگ کے ذرائع کو ختم کرنے کا بھی عزم ظاہر کیا۔

علاقائی وبین الاقوامی امن وسلامتی کےحصول کے لیے سب کو مل کرکام کرنا ہوگا۔ عالمی امن وسلامتی ہر ایک کی اولین ترجیح ہے۔

شرکا نے فٹبال ورلڈ کپ 2022 کی کامیاب میزبانی پر قطرکو خراج تحسین پیش کیا۔ 5 سے 9 مارچ 2023 کے دوران کم ترقی پذیر ممالک کی بین الاقوامی کانفرنس کے قطر میں انعقاد کا خیر مقدم کیا۔

 

مختصر لنک:

کاپی