اردنی پارلیمنٹ کے رکن اور عرب پارلیمنٹ کے نائب صدر خلیل عطیہ نے عرب پارلیمنٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ پارلیمنٹ اور اس کی پارلیمانی کمیٹیاں فوری طور پر غزہ کے گرد اسرائیلی سولہ سالہ محاصرے کو ختم کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
نیز اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی پارلیمنٹ کے ارکان کی رہائی کے لیے آواز اٹھائیں۔ واضح رہے فلسطینیوں کے پانچ منتخب ارکان پارلیمنٹ اس وقت اسرائیلی جیلوں میں قید ہیں۔ جبکہ دوسرے ہزاروں فلسطینی بھی اسرائیلی قید میں ہیں۔
اپنے ایک اخباری بیان میں خلیل عطیہ نے ‘لیگ آف پارلیمنٹیرین فار القدس’ کی طرف سے غزہ کے سولہ سال سے جاری محاصرے کے خلاف مہم کو سراہا ۔ ان کا کہنا تھا اسرائیلی جرائم کو بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پانچ فلسطینی ارکان پارلیمنٹ کی رہائی کے لیے بھی مہم چلانے پر زور دیا۔
خلیل عطیہ نے فلسطینی قیدی احمد المصرہ کو قید تنہائی سے نکالنے کے حق میں بین الاقوامی سطح سے کی گئی اپیلوں کو مسترد کرنے کے اسرائیلی اعلان کا نوٹس لینے کے لیے کہا۔
عرب پارلیمنٹ کے نائب صدر نے عرب پارلیمنٹ کے اتحادیوں سے بین الاقوامی اسرائیلی بائیکاٹ کے لیے منظم مہم چلانے کی بھی اپیل کی اور کہا 1973 کے بین الاقوامی کنونشن کے تحت اسرائیلی جرائم کا نوٹس لیا جانا چاہیے۔