فلسطینی عوام کی زمینوں اور حقوق کی مسلسل اسرائیلی خلاف ورزیوں پر لیگ آف پارلیمنٹیرینز فار القدس نے عالمی برادری کی بے عملی کی مذمت کی ہے۔
جمعرات کے روز پارلیمنٹیرینز فار القدس نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں کے گھروں اور زمینوں پر قبضے کے علاوہ ناجائز یہودی بستیوں کے منصوبے کو آگے بڑھا رہا ہے اور فلسطینی عوام 16 سال سے غزہ پر مسلسل اسرائیلی محاصرے کے نتائج بھگت رہے ہیں۔
فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرنے والے اداروں کو لیگ آف پارلیمنٹیرینز فار القدس کی جانب سے سراہا گیا۔ تاہم اقوام متحدہ کے اعلان کردہ فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے عالمی دن کے باوجود عالمی برادری کی خاموشی پر تنقید کی۔
فلسطینیوں کے حامی اس ادارے نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری فلسطینی عوام کی حمایت کرے تاکہ فلسطینی اپنے حقوق حاصل کر سکیں۔ کیونکہ نئی اسرائیلی حکومت فلسطینی عوام، ان کی زمینوں اور مقدس مقامات پر نسل پرستانہ پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔