عالمی یوم اطفال کے موقع پرمقبوضہ مغربی کنارے کے الخلیل اور بیت لحم میں انتہا پسند یہودی آباد کاروں اور اسرائیلی فوجیوں کے حملے میں تین فلسطینی بچے زخمی ہو گئے۔
الخلیل میں مقامی ذرائع کے مطابق آباد کاروں کے ایک گروہ نے کریات اربع کی غیر قانونی بستی کے قریب ایک علاقے میں یزن منجد الرجبی نامی بچے کو شدید زدوکوب کیا۔بچے کے سر میں شدید چوٹیں آئیں اور اسے الخلیل کے عالیہ اسپتال لے جایا گیا ہے۔
اسرائیلی فوجیوں نے بیت لحم کے کیسان گاؤں میں 13 اور 14 سال کی دو بہنوں پر اسرائیلی( زیرِ تسلط) علاقے میں موجودگی کا بہانہ بنا کر حملہ کیا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ رغد اور دینا مصطفیٰ عبیات نامی بہنوں پر ابی ھناحل کی غیر قانونی بستی کے قریب حملہ کیا گیا۔
فلسطینی انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیمات کے مطابق 2022 کے آغاز سے اب تک اسرائیلی قابض فوج کے ہاتھوں 40 بچے شہید اور 750 کو گرفتار کیا گیا ہے۔
رواں سال کے دوران جن بچوں کو گرفتار کیا گیا ان میں سے زیادہ تر کو جسمانی اور نفسیاتی تشدد کی مختلف شکلوں کا سامنا کرنا پڑا۔