اسرائیلی قابض انتظامیہ نے آج صبح بیت المقدس کے جنوب مشرق میں واقع گاؤں صور باہر میں ایک فلسطینی خاندان کا گھر مسمار کر دیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی پولیس کے ایک بلڈوزر نے بغیر اجازت تعمیرات کے بہانے صور باہر میں دبش خاندان سے تعلق رکھنے والے افراد کا 70 مربع میٹر کا مکان گرا دیا۔
مسمار کیے گئے گھر میں دو بچوں سمیت چار افراد مقیم تھے جو بے گھر ہو گئے ہیں۔
ایک الگ واقعے میں، مسلح یہودی آباد کاروں کے ایک گروہ نے طولکرم کے عتیل قصبے سے تعلق رکھنے والے ایک فلسطینی بزرگ کسان پر حملہ کیا اور اس کے ٹرک کو آگ لگا دی۔ ٹرک سامان سمیت جل گیا۔
کسان کے بیٹے معاذ نے بتایا کہ آباد کاروں نے ٹرک کو روکا جس میں اس کے 72 سالہ والدسوار تھے۔ وہ مغربی نابلس کے گاؤں دیر شرف کی سبزی منڈی اپنا سامان لے جا رہے تھے۔ ٹرک رکنے پر بوڑھے کسان کو بے رحمی سے مارا پیٹاگیا۔ چہرے پر متعدد زخم آنے کے بعد طبی امداد کے لیے طولکرم کے ایک اسپتال منتقل جبکہ ٹرک کو سامان سمیت نذرِ آتش کر دیا گیا۔