اسرائیلی جیل سروسز (آئی پی ایس) نے فلسطینی قیدیوں کو موسمِ سرما میں گرم کپڑے فراہم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
ادارہ برائے محصورینِ فلسطین کی ترجمان آمنہ التاویل نے تصدیق کی کہ اسرائیلی حکام قیدیوں پر ظلم کی انتہا کر رہے ہیں۔ موسمی تبدیلی اور ٹھنڈ میں اضافے کے باوجود مناسب سہولیات کی فراہمی سے انکار کیا جا رہا ہے۔
دیکھا گیا ہے کہ عام طور پر سردیوں کے دوران فلسطینی قیدیوں کی تکلیفیں بڑھ جاتی ہیں، کیونکہ جیلوں کا عملہ گرم کپڑوں اور دیگر سہولیات کی عدم دستیابی پر مصر رہتا ہے۔
دائیں بازو کے انتہا پسند اسرائیلی رکنِ پارلیمان ایتمار بن غفیر کے وزیرِ داخلہ بننے کے امکانات واضح ہیں۔ اس نے اسرائیلی جیلوں میں فلسطینی قیدیوں پر بے دریغ پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی دی ہے۔
خدشہ ہے اسرائیلی جیلوں میں قیدیوں کی "آزادی” کو محدود اور بنیادی انسانی ضروریات کی عدم فراہمی کی کوشش کی جا سکتی جبکہ قیدیوں کی تنظیم کو جیل سے باہر امدادی و بحالی امور انجام دینےسے روکا جا سکتا ہے۔