فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن احمد ابو ھولی کے مطابق لبنان اور شام میں فلسطینی پناہ گزین کیمپوں میں غربت کی شرح 93 فیصد تک بڑھ گئی ہے۔
ایک اخباری بیان میں، ابو ھولی نے اس بات پر زور دیا کہ غربت کی شرح تشویش ناک ہو گئی ہے۔ انہوں نے عطیات بھیجنے والے ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر دستِ تعاون بڑھائیں اور فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اپنی خدمات جاری رکھتے ہوئے جلد مالی امداد فراہم کریں۔
ابو ھولی نے غزہ میں ہالینڈ کے دفتر برائے فلسطین کی سربراہ مشیل رینتینار کے ساتھ ملاقات کی ہے۔ملاقات میں انہوں نے مالیاتی خسارے کے دوران عالمی ادارے برائے بحالی مہاجرینِ فلسطین (UNRWA )کو 14.5 ملین امریکی ڈالر عطیہ کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر رینتینار نے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اپنے ملک کی حمایت کا اظہار کیا۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ ان کا ملک 2023 میں UNRWA کے ساتھ ایک نئے مالیاتی معاہدے پر دستخط کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔