اسرائیلی قابض اتھارٹی یروشلم کے جراح محلے میں یہودی آباد کاروں کے لیے 135 نئے رہائشی یونٹس قائم کرے گی۔ یہ فیصلہ پیر کے روز سامنے لایا گیا ہے۔ یہودی آباد کاروں کی آباد کاری کا یہ منصوبہ مشرقی یروشلم سے متصل علاقے کے لیے بنایا گیا ہے۔
اس منصوبے کے تحت ایک بارہ منزلہ عمارت قائم کی جائے گی ، یہ عمارات 135 رہائشی یونٹوں پر مشتمل ہو گی۔ جس میں 135 یہودی خاندان بسائے جاسکیں گے۔ اسی علاقے جراح میں اس سے پہلے بھی ناجائز یہودی بستی معالوت الدفنہ موجود ہے۔
معالوت الدفنہ نامی یہودی بستی 1968 میں زیر قبضہ لی گئے فلسطینی زمین پر قائم کی گئی تھی اب اسی میں توسیع کے لیے مزید 135 رہائشی یونٹس بنائے جانے کا منصوبہ سامنے آیا ہے۔
نیا منصوبہ 2110 مربع میٹر پر بارہ منزلہ عمارت قائم کرنے کا ہے۔ اس عمارات کےساتھ ایک پارک اور یہودی معبد بھی قائم کیا جائے گا۔ علاوہ ازین ایک تہہ خانہ بھی تعمیر کیا جائے گا۔
اس سے قبل معالوت الدفنہ کی یہودی بستی بنیادی طور پر 389 دونم کے قطعہ اراضی پر قائم ہے۔ اب اسے مزید بڑھایا جارہا ہے۔