اسرائیلی قابض فوج نے دو مزید فلسطینیوں کے گھر مسمار کر دیے ہیں۔ اسرائیلی فوجیوں نے یہ دونوں مسماری کارروائیاں الخلیل کے علاقے میں کی ہیں۔ مسمار کیے گئے ایک گھر کے مالک عزام جابر ہیں۔
عزام جابر نے گھر کی مسماری کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ‘ اسرائیلی فوجیوں نے پیر کی صبح سویرے ان کے تین منزلہ نو تعمیر شدہ گھر پر حملہ کرکے اسے مسمار کر دیا ہے۔
ان کے بقول یہ گھر الخلیل کے مشرق میں واقع تھا۔ ان کے مطابق یہ گھر حال ہی میں تعمیر کیا گیا تھا اور وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ اس میں منتقل ہونے کی تیاری کر رہے تھے کہ اسرائیلی فوجیوں نے اسے منہدم کر دیا۔
اسرائیلی فوجیوں نے الخلیل کے علاقے یطہ میں ایک زیر تعمیر گھر کو بھی صبح سویرے مسمار کر دیا ۔ یہ گھر مسمار کرتے ہوئے فوجیوں کا کہنا کہ اس کی تعمیر غیر قانونی ہے اور لائسنس کے بغیر کی جارہی ہے۔
یہودیوں کے فلسطینیوں پر مظالم کے حوالے سے ایک اور واقعے میں یہودی آباد کاروں نے ترقومیا ٹاون کے مشرق میں زیتون کے سو پھلدار پودوں کو نقصان پہنچایا ۔ زیتون کے یہ پھلدار پودے الزبینہ خاندان کے باغ کی صورت لگے ہوئے تھے۔