یہودی آباد کاروں کے ایک جتھے نے وادی اردن کے شمال میں واقع وادی الفاو میں فلسطینیوں کے زیر ملکیت زمین پر دھاوا بول دیا، یہودی آباد کار بلڈوزر پر سوار تھے اور فلسطینیوں کی زمین اور مکانات کو تباہ کرنے آئے تھے۔
المالح ویلیج کونسل کے سربراہ مہدی ضراغمہ نے اس بارے میں بتایا ہے کہ ‘ یہودی آباد کار فلسطینی زمین اور مکانات کو تہس نہس کرنے کے ارادے اور تیاری کے ساتھ آئے تھے۔ اس لیے بلڈوزر ہمراہ لائے تھے۔ ان یہودی آباد کاروں کی طرف سے فلسطینیوں کی املاک کو آئے روز اپنے ظالمانہ جرائم کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔’
ایک اور واقعے میں اسرائیلی قابض فوج نے عزون ٹاون کے داخلی راستوں کو بند کر دیا ۔ یہ واقعہ قلقلیہ کے مشرقی علاقے میں پیش آیا ۔
ذرائع کے مطابق اسرائیلی قابض فوج بلڈوزروں پر سوار ہو کر پہنچی اور عزون تاون کے داخلی دروازوں کو بلاک کرنے کے لیے بلڈوزروں کی مدد سے مٹی اور پتھروں کے ڈھیر لگا دیے۔ بتایا گیا ہے کہ اس علاقے کو تقریبا دو ہفتوں سے اس طرح کی بندشوں کی زد میں رکھا ہوا ہے۔