جمعه 15/نوامبر/2024

روس اور یوکرین میں 108 خواتین سمیت 218 جنگی قیدیوں کا تبادلہ

منگل 18-اکتوبر-2022

روس اور یوکرین کے حکام نے بتایا کہ دونوں ممالک نے پیر کو جنگی قیدیوں کا اب تک کا سب سے بڑا تبادلہ کیا ہے۔ جس میں 108 یوکرینی خواتین سمیت 218 قیدیوں کا تبادلہ کیا گیا۔

یوکرین کے صدر کے دفتر کے ڈائریکٹر آندرے یرمک نے بتایا ہے کہ رہائی پانے والی خواتین میں 12 عام شہری بھی شامل ہیں۔

انہوں نے ٹیلی گرام پر لکھا "یہ پہلا تمام خواتین کا تبادلہ تھا” انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ مئی میں ساحلی شہر ماریوپول میں روسی افواج کی جانب سے ازووسٹل سٹیل کمپلیکس کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد 37 خواتین کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

یرمک نے کہا کہ رہائی پانے والی خواتین میں مائیں اور بیٹیاں بھی شامل ہیں جنہیں ایک ساتھ رکھا گیا تھا۔

یرمک کی طرف سے شائع کی گئی تصاویر میں درجنوں خواتین جن میں سے کچھ نے فوجی کوٹ اور وردی پہنی ہوئی ہے سفید بسوں سے اترتی نظر آرہی ہیں۔

یوکرین کے وزیر داخلہ نے کہا کہ آزاد کرائی گئی خواتین میں سے کچھ کو 2019 میں یوکرین کے مشرقی علاقوں میں ماسکو کے اتحادی حکام کی طرف سے حراست میں لینے کے بعد قید کیا گیا تھا۔

مختصر لنک:

کاپی