اسرائیلی قابض فوج نے غزہ کے علاقے میں منگل کی صبح فلسطینی کسانوں کو ایک مرتبہ پھر اپنی کارروائی کا نشانہ بنایا ہے۔ اس علاقے میں ایک اور فوجی کارروائی بھی دیکھنے میں آئی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی قابض فوجیوں نے حفاظتی باڑ کے پیچھے بنی فوجی چوکیوں سے کھیتوں میں کام کرتے کسانوں پر حملہ کیا۔ حملے میں مشین گن سے فائرنگ کرنے کے علاوہ آنسو گیس کے شیل بھی پھینکے گئے۔ فلسطینی کسان عز زیتون کے مشرق کے پڑوس میں اپنے کھیتوں میں کام کر رہے تھے۔
انہی اسرائیلی فوجیوں نے القرارہ ٹاون کے مشرق میں بھی بھی کسانوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔ القرارہ کا علاقہ غزہ کے جنوب میں واقع ہے۔ خوش قسمتی سے کوئی کسان زخمی نہیں ہوا ہے اور سب کسان فوری طور پر اوٹ میں ہو گئے تھے۔
اسی دوران سات مسلح بلڈوزرز اور تین ٹینکوں کی مدد سے اسرائیلی قابض فوجیوں نے سرحدی علاقے میں بنی ایک فوجی چیک پوسٹ سے بیت حنون کے مشرقی علاقے میں پیش قدمی کی ۔ یہ علاقہ غزہ کی پٹی کے شمال میں ہے۔ اسرائیلی قابض فوجیوں نے بھاری مشیری کے ساتھ سرحدی علاقے میں کھیتوں کو تاراج کرنا شروع کر دیا ۔ یہ کھیت سرحد سے قریب ترین ہیں۔
واضح رہے ان سرحدی علاقوں کے کسانوں کو اسرائیلی قابض فوج اکثر نشانہ بناتی رہتی ہے۔ تاکہ کسانوں کی فصلوں اور زمینوں کو ایسا نقصان پہنچائے کہ فلسطینی کسان علاقہ چھوڑ کر چلے جائیں۔