قطرنے اسرائیلی فوج کی غزہ پر حالیہ بمباری سے متاثرہ حصوں کی تعمیر نو کے لیے مدد کا وعدہ کیا ہے۔ اس بارے میں قطر نے جمعہ کے روز حماس کی لیڈر شپ کو اپنے اس فیصلے سے آگاہ کر دیا تھا۔
حماس کی ویب سائٹ پر ایک خبر میں بتایا ہے کہ حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد الثانی نے باضابطہ یقین دہانی کرائی ہے۔ اسماعیل ہنیہ نے فلسطینی عوام کے لیے قطر کے وزیر خارجہ اور حکومت کی اس فراخ دلانہ اور مخلصانہ پیش کش کا دلی شکریہ ادا کیا ہے۔
ہنیہ نے کہا غزہ میں تعمیر نو کے منصوبوں کے لیے قطر کی جاری امداد اہم کردادر ادا کرے گی۔ یہ امداد قطر غزہ کی تعمیر نو کمیٹی کے توسط سے کرے گا۔
واضح رہے اسرائیلی قابض فوج نے اسی ماہ اگست کے اوائل میں غزہ پر وحشیانہ جنگی جارحیت کی ، یہ تین مسلسل دن 5 اگست سے 7 اگست تک جاری رہی ۔ جس کے نتیجے میں 17 بچوں اور چار خواتین سمیت 49 فلسطینی شہید ہو گئے، 360 زخمی ہوئے وسیع پیمانے پر گھروں اور دوسری عمارات کا نقصان ہوا۔