اردن کی عقبہ بندرگاہ میں پیر کے روززہریلی گیس کا ایک سلنڈرپھٹنے سے 13 افراد ہلاک اور دو سو سے زیادہ زخمی ہو گئے ہیں۔
سرکاری ٹی وی سے نشر کی گئی فوٹیج کے مطابق ایک بڑا سلنڈر کرین کے ذریعے ٹرک پر اتارتے ہوئے ایک بندرگاہ پر لنگرانداز ایک جہاز پرگرا تھا جس کے نتیجے میں زوردار دھماکا ہوا تھا اور پیلے رنگ کی زہریلی گیس تیزی سے ہر طرف پھیل گئی۔
اردن کے ایک عہدے دار فیصل الشبول نے واقعے میں تیرہ ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ اس سے پہلے ہلاکتوں کی تعداد پانچ بتائی گئی تھی۔
سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیر اعظم بشرالخصاونہ اور وزیر داخلہ مازن الفرایا حادثے کی جگہ پر پہنچ گئےہیں۔ شہری دفاع کے ترجمان عمروالسرطاوی نے اس سے قبل بتایا تھا کہ زہریلی گیس سے بھرا ٹینک گرنے سے 234 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
سرطاوی نے مزید کہا کہ واقعے کے بعد ماہرین اور شہری دفاع کی ٹیمیں خطرناک مواد سے نمٹ رہی ہے۔ زہریلی گیس کے اخراج کے بعد عقبہ کے جنوبی ساحل کو خالی کرا لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اردن کی عقبہ بندرگاہ ملک کا واحد سمندری ٹرمینل ہے اور اس کی بیشتر درآمدات اور برآمدات اسی کے ذریعے ہوتی ہیں۔