اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] نےقابض اسرائیلی ریاست کی طرف سے بدنیتی پر مبنی نوآبادیاتی منصوبوں کو روکنے اور القدس اور قبلہ اول کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔حماس کا کہنا ہے کہ القدس اور مسجد اقصیٰ پورے عالم اسلام کے لیے سرخ لکیر ہیں۔ مسجد اقصیٰ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کےسفر معراج کا مقدس مقام اور مسلمانوں کے لیے قبلہ اول ہے۔
جمعرات کو ایک بیان میں حماس نے القدس میں دیوار البراق اور اموی محلات کے علاقوں میں جاری کھدائی کےنتائج کی تمام ذمہ داری صہیونی ریاست پر عاید کی۔
ان کھدائیوں کو مسجد اقصیٰ کی بنیادوں اور دیواروں کے لیے براہ راست خطرہ اور القدس کے اسلامی اور تاریخی شہر کے نشانات کو مٹانے کی کوشش قرار دیا جاتا ہے۔
حماس نے عرب لیگ، اسلامی تعاون کی تنظیم اور مسجد الاقصی کی سرپرستی کرنے والی ہاشمی سلطنت اردن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان مذموم نوآبادیاتی منصوبوں کو روکنے کے لیے فوری کارروائی کریں تاکہ الاقصیٰ کی حفاظت کی جا سکے۔
فلسطینی قانون ساز کونسل کے اسپیکرعزیز دویک نے تمام فلسطینیوں پر زور دیا ہے کہ وہ مسجد اقصیٰ سے اپنا ربط مضبوط بنائیں آج جمعہ چوبیس جون کو قبلہ اول میں حاضری کو یقینی بنائیں۔