جمعه 15/نوامبر/2024

فلسطینیوں کے خلاف صہیونی ریاستی جرائم کو بے نقاب کیا جائے: ھشام قاسم

منگل 31-مئی-2022

اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” میں بیرونی خطے کی قیادت کے رکن ہشام قاسم نے مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینیوں کی حمایت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے عرب اور بین الاقوامی میڈیا اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ القدس اور مسجد اقصیٰ میں صیہونی ریاست کے جرائم کو بے نقاب کریں۔
 
قاسم نے کل سوموارکے روز ایک پریس بیان میں کہا کہ بیت المقدس شہر اور مسجد اقصیٰ کے صحنوں میں گزشتہ چند گھنٹوں میں جو کچھ ہوا وہ عرب اور بین الاقوامی میڈیا کو منظم کرنے کا مطالبہ کرتا ہے تاکہ اسرائیلی ریاست کی خلاف ورزیوں اور جرائم پر روشنی ڈالی جا سکے۔انہوں نے فلسطینی، عرب اور بین الاقوامی چینلز سے اسرائیلی جرائم کو اجاگرکرنے لیے مشترکہ نشریات کا بھی مطالبہ کیا۔
 
انہوں نے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور تمام متعلقہ شعبوں اور میڈیا اداروں میں فلسطینی پرچم برداری  کی مہم میں حصہ لینے پر زور دیا۔
 
حماس رہ نما قاسم نے وضاحت کی کہ الاقصیٰ کے واقعات اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ اس کے مبارک مقام پر صیہونی  ریاست اوراس کے آباد کاروں کے ساتھ  تصادم آئندہ  بھی جاری  رہے گا۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ قابض صہیونی ریاست کے جرائم کا مقابلہ کرنے کے لیے میڈیا کی یکجہتی کی ضرورت ہے۔
 
اتوار کی شام مقبوضہ بیت المقدس کے پرانے شہر اور اس کے اطراف میں اسرائیلی فوج اور آباد کاروں کے وسیع حملوں میں درجنوں فلسطینی زخمی اور درجنوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ اس موقعے پر اسرائیلی سرکاری سرپرستی میں ایک فلیگ مارچ کا بھی انعقاد کیا گیا تھا۔

مختصر لنک:

کاپی