آبادکار یہودی آبادیوں میں مختلف اقسام کی شراب تیار کی جا رہی ہے اور ان پر ’’اسرائیلی مصنوعات‘‘ کے لیبل چسپاں کیے جارہے ہیں۔ یہ اقدام کینیڈین کنزیومر پروٹیکشن لاء کی خلاف ورزی ہے۔ یہ انکشاف کینیڈین فوڈ انسپکشن ایجنسی کے حالیہ پریس بریف میں کیا گیا ہے۔
کینیڈین ایجنسی نے اپنے فیصلے میں خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کی مسلمہ حدود سے باہر اور یہودی آبادکار فیکٹریوں میں مختلف طرح کی شراب تیار کی جا رہی ہے۔ اس طرح کی مصنوعات کہیں بھی فروخت نہیں کی جاسکتیں۔ اس لیے ان پر اسرائیلی تیار شدہ مصنوعات کا لیبل لگا دیا جاتا ہے جو بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
اس طرح کی مصنوعات کی فروخت اور اسرائیلی مصنوعات کا لیبل لگانے کے خلاف ڈاکٹر ڈیوڈ کیٹن برگ نے پانچ سال مسلسل قانونی جنگ لڑی ہے۔ اسی کے نتیجے میں حالیہ فیصلہ سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں ناجائز یہودی آبادکار اپنی فیکٹریوں میں اس طرح کی مصنوعات تیار کر کے ان پر ’’مئیران اسرائیل‘‘ کے لیبل لگا رہے ہیں۔ کینیڈا کے قانون اور بین الاقوامی قوانین اس کی اجازت ہرگز نہیں دیتے۔
ایجنسی نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسی مصنوعات مارکیٹ سے واپس لی جائیں اور ان پر لگائے اسرائیلی لیبل ہٹائے جائیں۔ کیٹن برگ نے دو طرح کی شراب مارکیٹ کرنے کے لیے ایسے لیبل لگانے کا معاملہ اٹھایا تھا۔ ان میں سے ایک شراب ساگوٹ اور دوسری شیلو ہے۔ ان پر یہ لیبل لگائے گئے ہیں جو چوتھے جنیوا کنونشن کی بھی خلاف ورزی ہے۔