مقبوضہ بیت المقدس میں فرانسیسی اسپتال (مار یوسف) کی انتظامیہ نے آج پیر کو تصدیق کی ہے کہ وہ گذشتہ جمعہ کو صحافی شیرین ابو عاقلہ کے جنازے پر حملہ کرنے پراسرائیلی پولیس کے خلاف مقدمہ دائر کرنے پر غور کر رہی ہے۔
اسی تناظر میں القدس کے گرجا گھروں نے قابض پولیس کی طرف سے جنازے کے جلوس پر دھاوا بولنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بین الاقوامی اصولوں اور ضوابط کی صریح خلاف ورزی ہے۔
فرانسیسی اسپتال کے ڈائریکٹر جنرل جمیل کوسا نے بیت المقدس میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ’’شہید شیرین ابو عاقلہ کی منتقلی اور تدفین کی تقریبات کے دوران اسرائیلی پولیس نے تابوت اور سوگواروں پرحملہ کیا۔ یہ حملہ اسرائیلی پولیس اور اسرائیلی ریاست کے ماتھے پر بدنما داغ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی پولیس نے جنازے کےجلوس پرحملہ کرکے وحشت اور بربریت کا مظاہرہ کیا۔ اسپتال کی حدود میں اسرائیلی پولیس کی کارروائی بلا جواز اور ناقابل قبول ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ اسرائیلی پولیس نے ابو عاقلہ کے جنازے سے قبل جان بوجھ کر فرانسیسی اسپتال پر دھاوا بول دیا تھا۔
دوسری طرف بیت المقدس میں گرجا گھروں کے پادری پیٹریارک پیزابالا نے القدس کے گرجا گھروں کی جانب سے ایک بیان پڑھا جس میں کہا گیا کہ ہم، بشپ اور مقدس سرزمین کے عیسائی گرجا گھروں کے وفادارجنازے کے جلوس میں پر اسرائیلی پولیس کے وحشیانہ تشدد کی مذمت کرتے ہیں۔