گذشتہ ہفتے قابض اسرائیلی فوج کی فلسطینیوں کے خلاف جاری ریاستی دہشت گردی کے دوران چار فلسطینی شہید ہوئے جب کہ فلسطینیوں کی مزاحمتی کارروائیوں میں ایک صہیونی فوجی ہلاک ہوا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گذشتہ ہفتے فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان کئی مقامات پرجھڑپیں ہوئیں۔ مجموعی طور پر قابض فوج اور فلسطینیوں کے درمیان 105 مقامات پرجھڑپیں ہوئیں۔ اسرائیلی فوج کی براہ راست فائرنگ سے چار فلسطینی شہید ہوئے۔ دوسری طرف فلسطینیوں نے سات مقامات پر فائرنگ کی۔17 بار پٹرول بم پھینکے گئے۔
گذشتہ جمعہ کو فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین میں اسرائیلی فوج کی چھاپہ مار کارروائی کے دوران فلسطینیوں کے ساتھ جھڑپ میں ایک صہیونی فوجی ہلاک ہوگیا۔ جمعہ کو جنین، نابلس، طوباس، البیرہ، بیت المقدس، الخلیل اور قلقیلیہ میں 13 جھڑپیں ہوئیں۔
فلسطینی مزاحمت کاروں نے طوباس، بیت فوریک، اور جنین میں متعدد مقامات پر اسرائیلی فوج کے خلاف مزاحمت کی۔
قابض فوج نے الطبیہ شہر سے ایک فلسطینی شہری کو چاقو حملے کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار کیا۔
جمعرات کو فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہروں الخلیل، رام اللہ، نابلس، قلقیلیہ اور بئر سبع میں 13 مقامات پرجھڑپیں ہوئیں۔
کریات نیفا فیم یہودی کالونی میں فلسطینی نوجوانوں نے پٹرول بم پھینکے۔ اس کے علاوہ القدس میں سلوان اور الطور کے مقامات پر جھڑپیں ہوئیں۔
بدھ کو اسرائیلی فوج نے جنین میں دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 51 سالہ صحافیہ شیرین نصری ابوعاقلہ اور 16 سالہ خلیل الیازوری کو گولیاں مار کر شہید کیا۔ بدھ کو جنین، القدس، رام اللہ، نابلس، الخلیل، قلقیلیہ اور عکا میں 22 مقامات پر اسرائیلی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔
عکا میں ہونے والی جھڑپوں میں دو صہیونی زخمی ہوئے۔ منگل کو رام اللہ، بیت المقدس، بیت لحم، الخلیل، قلقیلیہ، سلفیت اور نابلس میں 11 مقامات پر فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔
اتوار کو 18 سالہ محمد طالب عطا اللہ کو اسرائیلی فوج نے گولیاں مار کر شہید کیا۔ اسی روز طولکرم میں سامی عرام کو گولیاں مار کر شہید کیا۔ اس روز 26 مقامات پر جھڑپیں ہوئیں۔