اسرائیلی ریاست کے جبرو تشدد کے خلاف مسلح جدو جہد کرنے والی فلسطینی تنظیموں نے اسرائیل کی طرف سے فلسطینی قیادت کی ٹارگٹ کلنگ کی دھمکی مسترد کردی ہے۔ فلسطینی مزاحمتی محاذ نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے قیادت کی ٹارگٹ کلنگ شروع کی تو دشمن پر جھنم کے دروازے کھول دیں گے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں اسرائیل نے غزہ میں اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] کے صدر یحییٰ السنوار اور دیگر رہ نماؤں کو قاتلانہ حملوں کا نشانہ بنانے کی دھمکی دی تھی۔ فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کا کہنا ہے کہ اگر اسرائیل نے ہماری اندرون اور بیرون ملک موجود قیادت یا یحییٰ السنوار پر حملے کی حماقت کی تو دشمن کے لیے جھنم کے دروازے کھول دیں گے۔
ہفتے کے روز فلسطینی مزاحمتی محاذ نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ فلسطینی قیادت کے خلاف اسرائیلی دشمن کی کوئی حماقت پہلے سے کمزور اور بحرانوں کا شکار صہیونی ریاست کو ہلا کررکھ دے گی۔
قبل ازیں حماس کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈز نے اسرائیل کو خبردار کیا تھا کہ وہ فلسطینی قیادت کی ٹارگٹ کلنگ کی حماقت سے باز رہے ورنہ دشمن کو نہ بھولنےوالا سبق سکھائیں اور اسرائیل میں زلزلہ برپا کردیں گے۔
فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کی طرف سے یہ موقف ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دوسری طرف اسرائیلی انتہا پسندوں کے ہاتھوں یرغمال میڈیا میں فلسطینی قیادت بالخصوص یحییٰ السنوار کی ٹارگٹ کلنگ کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ یہ مطالبہ حال ہی میں مشرقی تل ابیب میں العاد کے مقام پرہونے ایک حملے کے بعد کیا جا رہا ہے جس میں تین صہیونی ہلاک اور چار زخمی ہوگئے تھے۔