فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں کل جمعہ کے روز اسرائیلی فوج اور فلسطینی شہریوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی زخمی ہوگئے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق جمعہ کے روز نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد غرب اردن کے شہروں میں چپے چپے پر احتجاجی مظاہرے شروع ہوئے۔ اسرائیلی فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر اشک آور گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا۔ دوسری طرف فلسطینی مظاہرین بھی سخت مشتعل دکھائی دے رہے تھے۔ انہوں نے قابض فوج پر سنگ باری کی اور پٹرول بم پھینکے۔
غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں بیت دجن اور بیتا کے مقامات پر فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان پرتشدد جھڑپیں ہوئیں۔ ان جھڑپوں میں اسرائیلی فوج نے فلسطینی شہریوں پر آنسوگیس کی شیلنگ کی اور صوتی بموں سے نشانہ بنایا۔
ہلال احمر فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج کی فائرنگ اور پرتشدد ہتھکنڈوں کے استعمال سے 45 زخمی ہوئے۔
ادھرکفر قدوم میں فلسطینیوں کی ہفتہ وار احتجاجی ریلی پر اسرائیلی فوج نے طاقت کا استعمال کیا۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پرآنسوگیس کی شیلنگ کی اور دھاتی گولیوں سے ان پر حملہ کیا گیا۔
خیال رہے کہ کفر قدوم میں فلسطینی شہری سنہ 2003ء سے ہر ہفتے نماز جمعہ کے بعد ایک بند شاہراہ کھولنے لیے احتجاج کرتے ہیں۔