قبلہ اول مسجد اقصی میں اسرائیلی فورسز کے نہتے فلسطینیوں کے خلاف بہیمانہ مظالم، دہشت گردی اور قتل و غارت گری کے خلاف امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی کال پر ملک بھر میں یوم یکجہتی فلسطین منایا گیا گیا۔
اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نماز جمعہ کے بعد فلسطین مارچ کے جلوس نکالے گئے جن سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے حکومت پاکستان سمیت مسلم ممالک کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی اور کشمیری مسلمانوں کی آزادی میں اپنا کردار ادا کریں۔
مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ قبلہ اول کی عزت وحرمت کی حفاظت ہر مسلمان کا فریضہ ہے۔ فلسطین میں اسرائیلی فورسز کا مسجد اقصی پر حملہ کھلی دہشت گردی ہے۔
مسجد اقصیٰ پر صہیونی جارحیت کے خلاف ملک بھر کی طرح جماعت اسلامی اسلام آباد کے زیر اہتمام آئی ایٹ مر کز میں بھی اہل فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرے کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کی ،جبکہ جماعت اسلامی کے خارجہ امور کے ڈائریکٹر آصف لقمان قاضی، امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصر اللہ رندھاوا، سیکرٹری جنرل زبیر صفدر نے بھی خطاب کیا،
اس مو قع پر نائب امیر محمد کاشف چوہدری، گروپ لیڈر یونین کونسل آئی ایٹ الطاف شیر، صدر الخد مت فاونڈیشن حامد اطہر بھی مو جود تھے۔ احتجاجی مظاہرے میں سینکڑوں کی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی اور اسرئیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے میاں محمد اسلم نے کہا کہ اسرائیل نے رمضان کی مبارک ساعتوں میں قبلہ اول مسجد اقصی میں کشت وخون کا بازار گرم کر کے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ حرمین شریفین کے بعد قبلہ اول مسلمانوں کا تیسرا مقدس مقام ہے۔
انھوں نے قبلہ اول کے دفاع کی خاطر مسجد اقصی میں نفلی اعتکاف کرنے والے نوجوان مرد وخواتین کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا اسرائیل کی کھلی بربریت پر عالمی ضمیر سو رہا ہے۔ جانوروں کے حقوق پر آنسو بہانے والی انسانی حقوق کی تنظیمیں بھی فلسطینیوں کے قتل عام پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی پاکستان آصف لقمان قاضی نے کہا کہ ہم فلسطینیوں کو خراج تحسین پیش کر تے ہیں کہ وہ نہتے ہو نے کے باوجود مسجد اقصی میں ناپاک قدم رکھنے والے اسرائیلی فوجیوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح ڈٹ کر کھڑے ہو گئے ہیں،اہلیان القدس نے اسرائیلی جارحیت، آنسو گیس اور گولیوں کی پرواہ کیے بغیر دفاع اقصی کا فرض کفایہ ادا کیا، جس پر پوری امت مسلمہ انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
لاہور میں ہونے والے فلسطین مارچ کی قیادت امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد، سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق نے کی۔ مارچ میں امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری نے بھی خصوصی وشرکت کی۔
مارچ میں نائب امراء امیر جماعت اسلامی لاہور چوہدری محمود الاحد، ملک شاہد اسلم،امراء علاقہ جماعت اسلامی لاہور خالد احمد بٹ، ڈاکٹر محمود احمد، عبدالعزیز عابد، سیف الرحمن، مرزا شعیب یعقوب اور فلسطین مارچ میں سینکڑوں کی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی اور فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے شرکاء مارچ فلسطینی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فجر کے وقت مسجد اقصی میں نہتے نمازی پر آنسو گیس، شیلنگ کے ذریعے ظلم کے پہاڑ توڑے گئے۔ اسرائیلی فورسز کے حملے میں 100 سے زائد نمازی زخمی اور کچھ افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ مظلوم فلسطینیوں کا ساتھ دینے کی بجائے ظالم اسرائیل کا ساتھ دے کر ظلم کی ایک داستان رقم کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برداری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں مسجد اقصی اور کشمیر کی آزادی میں اپنا کردار ادا کرنے کی بجائے مجرمانہ طور پر آنکھیں بند کیے ہوئے ہیں۔ ۔ جماعت اسلامی فلسطین، کشمیر سمیت دنیا بھر میں مسلمانوں پر کسی بھی قسم کے ظلم کے خلاف اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔ جماعت اسلامی فلسطین کی آزادی تک مالی اور سفارتی مدد جاری رکھے گی۔