مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے جبل الطور میں ایک فوجی ناکے کے قریب اسرائیلی غاصب سپاہیوں اور فلسطینی نوجوانوں کے مابین جھگڑا شدت اختیار کر گیا۔ اتوار کی شام مغربی کنارے کے شمال میں واقعہ رونما ہوا جس میں معمولی تلخی سے بات ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔
ایک فلسطینی نوجوان نے تنگ آ کر فوجی خیمے کو آگ لگا دی۔ یہ خیمہ اس فوجی ناکے میں موجود تھا جسے غیرقانونی طور پر جبل الطور کے علاقے میں نصب کیا گیا۔
اسرائیلی فوجیوں نے جوابی کارروائی میں گولیاں کھول دیں۔ آنسو گیس کا بری طرح استعمال کیا گیا جس سےنہتے فلسطینیوں کو سانس تک لینے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
یہودیوں کی غیر قانونی آبادکاری کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ ہر ہفتے مغربی کنارے کے بیشتر علاقوں خصوصیت کے ساتھ دیہاتوں: بَیتا، بیت دجن اور کفر قدّوم میں فلسطینی اپنے حق کی خاطر بڑی تعداد میں نکلتے اور اسرائیلی مزاحم کے سامنے سینہ تان کر کھڑے ہوتے ہیں۔
محتاط اندازے کے مطابق مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں ساڑھے 6 لاکھ یہودیوں کو بسایا گیا ہے۔ 164 بستیوں اور 116 عارضی آبادیوں میں یہ ناجائز قبضہ کیا گیا ہے۔
عالمی قوانین کے مطابق یہودیوں کی آبادکاری ناجائز اور قابلِ مذمت ہے۔