قابض اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں جلجلیا میں ایک 80 سالہ فلسطینی کو تشدد کرکے شہید کردیا۔ شہید ہونے والے فلسطینی شہری کی شناخت عمر عبدالمجید اسعد کے نام سے کی گئی ہے۔
فلسطینی خاتون سائنسدان اور القدس موعدنا انتخابی فہرست کی رکن سمر حمد نے اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینی شہری پر تشدد اور اس کی موت پر قابض دشمن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بزرگ فلسطینی کو شہید کرکے ایک بار پھر قابض دشمن نے اپنی دہشت گردانہ ذہنیت اور انسانیت دشمنی پرمبنی سوچ کا ثبوت دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم اسرائیلی ریاست کے ناجائز تسلط اور قبضے کے خلاف فطری جدو جہد کررہی ہے۔ اسرائیلی دشمن تشدد اور قتل کے جرائم سے فلسطینیوں کو آزادی کی منزل سے دور نہیں کرسکتا۔