ترکی میں قائم القدس پارلیمانی رابطہ گروپ نے اسرائیل کی فوجی عدالت سے فلسطینی پارلیمنٹ کے رکن محمد ابو طیر کی انتظامی قید میں تجدید کی شدید مذمت کی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق پارلیمانی گروپ برائے القدس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوجی عدالت سے فلسطینی رکن پارلیمنٹ اور بزرگ رہ نما محمد ابو طیر کی انتظامی قید کی سزا کی تجدید ناقابل قبول اور قابل مذمت اقدام ہے۔ بیان میں فلسطینی رکن پارلیمنٹ محمد ابو طل کے گھر پر اسرائیلی فوج کے دھاوے اور ان کے اہل خانہ کو زدو کوب کرنے کی بھی شدید مذمت کی گئی جب کہ فلسطینی اسیر رہ نما احمد سعدات کے گھر پر چھاپہ مار کارروائی کی بھی شدید مذمت کی گئی۔
رابطہ گروپ نے عالمی پارلیمانوں اور عالمی اداروں سے اسرائیل پر دباؤ ڈالنے کا مطالبہ کیا تاکہ قابض دشمن اپنے قانونی معاہدوں اور ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے فلسطینی ارکان پارلیمان کے خلاف جاری خلاف ورزیوں سے باز آئے۔
بیان میں اسرائیلی ریاست سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فلسطینی ارکان پارلیمان کی فوری رہائی کے احکامات صادر کرے اور منتخب فلسطینی ارکان پارلیمان کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ بند کرے۔