سوڈان کے مغربی حصے میں سونے کی کان بیٹھنے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد آج بدھ کے روز بڑھ کر 40 تک پہنچ گئی ہے۔
سوڈان میں کان کنی کی سرگرمیوں کے نگراں حکومتی ادارے کے ڈائریکٹر خالد ضحوی نے کل منگل کے روز بتایا تھا کہ مغربی کردفان صوبے میں النہود شہر کے نزدیک واقع ایک سونے کی کان گر گئی۔ یہ حادثہ دارالحکومت خرطوم سے 500 کلو میٹر دور مغرب میں پیش آیا۔ ابتدائی طور پر کان کے نیچے دب کر 31 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔
ضحوی کے مطابق کان میں کام کرنے والوں میں آٹھ افراد لاپتہ ہیں جب کہ ایک کارکن محفوظ رہا۔
واضح رہے کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سوڈان کے مختلف علاقوں میں سونے کی روایتی کانوں میں کام کرنے والے افراد کی تعداد بیس لاکھ کے قریب ہے۔ ان روایتی کانوں سے ملک کی مجموعی پیداوار کا تقریبا 80% سونا حاصل ہوتا ہے۔ سوڈان میں سونے کی سالانہ پیداوار 80 ٹن کے قریب ہے۔