خلیجی ریاست قطرنے فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملوں اور یہودی آباد کاروں کی وحشیانہ کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے فلسطینیوں کو ہرممکن تحفظ فراہم کرنے پر زور دیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قطری وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیاہے کہ فلسطینی علاقوں بالخصوص مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں برقہ کے مقام پر نہتے فلسطینیوں پر حملے وحشیانہ اقدام ہے۔
قطری وزارت خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی ریاست ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت برادر فلسطینی قوم کے خلاف گھناؤنے جرائم اور مظالم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور فلسطینیوں کے بنیادی انسانی حقوق کی کھلے عام پامالیاں کی جا رہی ہیں۔
دوحا نے عالمی برادری سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی قوم پر روازانہ کی بنیاد پر ہونےوالے حملوں اور جرائم کی روک تھام کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔
قطر نے فلسطینی قوم کے دیرینہ اور آئینی حقوق کی حمایت سے متعلق اپنے اصولی موقف کا اعادہ کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ قطر سنہ 1967ء کی سرحدوں پر مشتمل اور القدس کو فلسطینی ریاست کا دارالحکومت بناتے ہوئے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت جاری رکھے گا۔