سوموار کے روز درجنوں یہودی آباد کاروں نے اسرائیلی پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں مسجد قصیٰ میں گھس کر مسلمانوں کے قبلہ اول کی بے حرمتی کی۔ اس موقعے پر یہودی آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ کے مشرقی حصے میں جمع ہو کرتلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات ادا کیں۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ درجنوں یہودی آباد کاروں، اسرائیلی طلبا اور انٹیلی جنس اہلکاروں سمیت درجنوں انتہا پسندوں نے قبلہ اول میں گھس کراشتعال انگیز چکر لگائے۔ یہودی آباد مسجد اقصیٰ کے مشرقی حصے میں جمع ہوئے جہاں انہوں نے تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات ادا کیں۔
ادھر حال ہی میں مسجد اقصیٰ کے امام اور ممتاز عالم دین الشیخ عکرمہ صبری نے خبردار کیا تھا کہ یہودی انتہا پسندوں کے ہاتھوں مسلمانوں کے قبلہ اول کے وجود کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے اسرائیلی عدالت کی طرف سے یہودی آبادکاروں کو قبلہ اول میں خاموش عبادت کی رسومات کی اجازت دینے کو اسرائیلی عدالتی اشتعال انگیزی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی۔
خیال رہے کہ جمعہ اور ہفتہ کے دن کے علاوہ ہفتے کے باقی ایام میں یہودی آباد کار مسجد اقصیٰ پر دھاوے بولتے اور تلمودی تعلیمات کے مطابق مسجد اقصیٰ کی حرمت کو پامال کرنے والے اشتعال انگیز اقدامات اور حرکات کرتے ہیں۔
یہودی آباد کاروں کو قبلہ اول پر دھاووں کے لیے فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جاتی ہے جب کہ فلسطینیوں کو قبلہ اول میں نماز کی ادائی سے روکنے کے لیے طاقت کے استعمال سمیت طرح طرح کے حربے استعمال کیے جاتے ہیں۔