قابض اسرائیلی حکومت مقبوضہ بیت المقدس شہر میں آباد کاروں کے لیے ہزاروں مکانات کی تعمیر کے لیے ایک نئے آباد کاری منصوبے کا اعلان کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
القدس کے امور کے محقق فخری ابو دیاب نے بتایا کہ کہ آبادکاری کے منصوبے، جس کا قابض حکومت جلد اعلان کرنے والی ہےمیں 3000 سیٹلمنٹ یونٹس کی تعمیر اور مقدس شہر میں ایک نئی بستی کا قیام شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیٹلمنٹ یونٹس کی تعمیر القدس کے شمال میں واقع "عطاروت” کے علاقے میں شہر کے جنوب میں "گیوات ہماتوس” بستی کے قریب اور "معلے ادومیم” بستی کے قریب "E1″سیکٹر میں کی جائے گی۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ قابض حکومت اپنے اعلان کے بعد آباد کاری کے منصوبے پر عمل درآمد کے لیے بھاری بجٹ مختص کرے گی تاکہ کام شروع کرنے کے لیے قابض حکام کی "تنظیم اور تعمیراتی کمیٹیوں” کو کام سونپا جا سکے۔
ابودیاب نے کہا کہ اگر قابض حکومت کی طرف سے منظوری دی جائے تو "عطاروت” کے علاقے کے قریب ایک نئی بستی تعمیر کی جائے گی۔