اسلامی تعاون تنظیم نے فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی قابض افواج کے جرائم کی شدید مذمت کی ہے۔ ان میں تازہ ترین القدس میں ایک کم عمر فلسطینی عمر ابو عصب کو بے دردی کے ساتھ شہید کیا جانا بھی شامل ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کا تشدد اور مسلسل حملوں کی رفتار میں ایک خطرناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ قابض فوج کے ہاتھوں ایک بے گناہ فلسطینی بچے کا قتل نا قابل قبول جرم ہے۔
’او آئی سی‘ نے جمعہ کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی جیل حکام بیمار فلسطینی قیدیوں کے معاملے میں دانستہ طبی غفلت کے مر تکب ہو رہے ہیں۔ بیان میں اسرائیلی جیل میں علاج سے محروم رہتے ہوئے فوت ہونے والے فلسطینی سامی العمور کی شہادت پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حکام ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت فلسطینیوں کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ جیلوں میں فلسطینی اسیران کو علاج سے محروم رکھنا بھی ایک جارحیت ہے۔